ڈمپرجلانے کا مقدمہ؛ آفاق احمد کی درخواست ضمانت پرعدالت آج فیصلہ سنائے گی


ڈمپر جلانے کے مقدمے میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی درخواست ضمانت منظورہوگی یا نہیں، کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت آج فیصلہ سنائے گی، آفاق احمد کے خلاف لانڈھی اور کورنگی میں دو کیسز درج ہیں۔
کراچی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے اشتعال انگیزی، لانڈھی اور کورنگی میں ٹرک نذر آتش کرنے کے مقدمات میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے۔
اے ٹی سی کراچی میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی درخواست ضمانت پرگذشتہ روز سماعت ہوئی۔
دوران سماعت وکیل جاویدچھتاری ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ آفاق احمد کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا.
وکیل صفائی نے کہا کہ آفاق احمد نے کسی کو ڈمپر یا ٹینکر جلانے کا نہیں کہا، چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ آفاق احمد کے اکسانے پر مشتعل ہو کر لوگوں نے کئی گاڑیوں کو آگ لگائی، آفاق احمد کے خلاف لانڈھی اور عوامی کالونی تھانے میں دو مقدمات درج ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے وکلاکے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، ممکنہ طور پر آفاق احمد کی ضمانت پرعدالت آج فیصلہ سنائے گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles