
میکسیکو کی جانب سے اپنی سرحد پر 10 ہزار نیشنل گارڈ کے دستے فوری طور پر تعینات کرنے کے فیصلے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک پر محصولات کا اطلاق ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دیا۔
عالمی منڈیوں میں مندی کے بعد ٹرمپ اور ان کی میکسیکو کی ہم منصب کلاڈیا شین بام نے پیر کے روز مذاکرات کے بعد امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر 10 ہزار فوجی بھیجنے پر رضامندی ظاہر کرنے کے بعد لیویز روکنے کا اعلان کیا۔
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینبام نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر نے ان کے ملک کے لیے محصولات میں 25 فیصد اضافے کو ایک ماہ کے لیے موخر کر دیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ایکس پر انھوں نے لکھا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ان کی اچھی گفتگو ہوئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ طے پایا گیا ہے کہ میکسیکو اپنی سرحد پر دس ہزار نیشنل گارڈ تعینات کرے گا جو امریکا میں منشیات کی اسمگلنگ کو روکیں گے۔
اس میں بطور خاص فینٹنل نامی نشہ آور دوا شامل ہے جس کے بارے میں ٹرمپ نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب صدر نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو بھی فون کیا اور دونوں رہنماؤں نے ٹیرف کے معاملے پر گفتگو کی ہے ،دونوں میں رابطے جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔