سیف علی خان پر حملہ؛ اداکار کی صحت سے متعلق ڈاکٹر کا اہم بیان سامنے آگیا
بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان کی صحت سے متعلق ڈاکٹر کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔
لیلاوتی اسپتال کے ڈاکٹر نتن نارائن ڈانگے نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکار کی طبیعت کے حوالے سے بتایا ہے کہ سیف علی خان کی طبیعت میں اب کافی بہتری آئی ہے، وہ چلنے بھی لگے ہیں، کوئی مسئلہ نہیں ہے اور اب اُنہیں زیادہ تکلیف بھی نہیں ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ طبیعت میں بہتری آنے کے بعد اب ہم نے اُنہیں آئی سی یو سے خصوصی کمرے میں منتقل کر دیا ہے لیکن ان کی ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ کی وجہ سے تقریباً ایک ہفتے تک لوگوں کو ان سے ملنے جلنے منع کیا ہے کیونکہ اس صورت میں انفیکشن پھیلنے سے ان کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب لیلاوتی اسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر نیرج اتمانی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ سیف علی خان جب اسپتال پہنچے تو وہ خون میں لت پت تھے لیکن پھر بھی وہ شیر کی طرح خود چل کر اسپتال میں داخل ہوئے اور ان کا بیٹا تیمور بھی ان کے ساتھ تھا، وہ ایک حقیقی ہیرو ہیں۔
لیلاوتی اسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر نیرج اتمانی کا کہنا ہے کہ اگر چاقو 2 ملی میٹر گہرا لگتا تو وہ شدید زخمی ہو سکتے تھے۔