مایا علی کے ٹنگ ٹویسٹر چیلنج میں احد رضا میر الجھ گئے، ویڈیو وائرل
احد رضا میراور مایا علی کا مزاحیہ انداز مداحوں کو بھا گیا
پاکستان کی معروف اداکارہ مایا علی اور اداکار احد رضا میر نے اپنے آنے والے ڈرامے ‘ایک محبت اور’ کے سیٹ سے ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے جسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔
مایا علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں احد رضا میر کو اردو ٹنگ ٹویسٹر بولنے کا چیلنج دیا جبکہ اداکار نے پُراعتماد انداز میں چیلنج قبول کیا تاہم مشکل الفاظ کی ادائیگی کے دوران وہ الجھ گئے جس پر مایا علی ہنس پڑیں۔
ویڈیو میں بعد ازاں احد رضا میر نے مزاحیہ انداز میں مایا علی سے کہا کہ وہ پہلے خود ٹنگ ٹویسٹر درست انداز میں بول کر دکھائیں، اس پر مایا علی نے انہیں الفاظ کی درست ادائیگی سمجھائی جبکہ احد مسکراتے ہوئے جملہ دہرانے کی کوشش کرتے رہے۔
یہ مختصر مگر دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جبکہ صارفین نے دونوں اداکاروں کی باہمی کیمسٹری کو سراہتے ہوئے مختلف تبصرے بھی کیے۔