انمول عرف پنکی کیس؛ معروف اداکار، ماڈل اور سیاست دان کے نام بھی شامل
ملزمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے مبینہ کوکین نیٹ ورک سے تقریباً سات سو سے آٹھ سو افراد منسلک تھے۔
کراچی میں منشیات کے مبینہ بڑے نیٹ ورک سے متعلق گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے دورانِ تفتیش مزید اہم انکشافات سامنے آئے ہیں جن میں شوبز اور سیاسی شخصیات کے نام بھی زیرِ بحث آگئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے مبینہ کوکین نیٹ ورک سے تقریباً سات سو سے آٹھ سو افراد منسلک تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار منیب بٹ، ایک ماڈل و اداکارہ سارہ جب کہ سیاسی حلقوں سے ایم کیو ایم کے ایم این اے صادق افتخار اور ان کی اہلیہ کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ ملزمہ نے دعویٰ کیا کہ رکنِ قومی اسمبلی صادق افتخار پر اس کے تقریباً پانچ لاکھ روپے واجب الادا تھے۔ تفتیشی حکام ان دعوؤں کی مختلف پہلوؤں سے جانچ کررہے ہیں جب کہ متعلقہ افراد کے ممکنہ روابط اور مالی لین دین کی تفصیلات بھی اکٹھی کی جارہی ہیں۔
ملزمہ انمول عرف پنکی نے دورانِ تفتیش بعض قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر بھی سنگین الزامات عائد کیے۔
ملزملہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مختلف مواقع پر گرفتار کیے جانے کے بعد مبینہ طور پر رشوت لے کر چھوڑا جاتا رہا۔ ملزمہ نے الزام عائد کیا کہ بعض اہلکاروں اور تھانوں کو لاکھوں روپے دیے جاتے تھے تاکہ کارروائی سے بچا جاسکے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمہ نے اپنے سابق شوہر رانا ناصر اور اس کے قریبی رشتہ داروں کے حوالے سے بھی اہم انکشافات کیے ہیں۔
اس کا دعویٰ ہے کہ نیٹ ورک سے وابستہ بعض افراد وکالت کے شعبے سے منسلک تھے اور مبینہ طور پر دفاتر اور چیمبرز کو منشیات چھپانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کیس حساس نوعیت اختیار کرچکا ہے اور سامنے آنے والے تمام دعوؤں اور الزامات کی قانونی اور تکنیکی بنیادوں پر تصدیق کی جارہی ہے جب کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید گرفتاریاں اور کارروائیاں بھی متوقع ہیں۔