وکی کوشل کی نئی فلم چھاوا کا پوسٹر جاری
بالی ووڈ کے معروف اداکار وکی کوشل کی نئی فلم چھاوا کا پوسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔
حال ہی میں میڈوک فلمز کی جانب سے انسٹاگرام پر فلم چھاوا کا پوسٹر شیئر کیا گیا، اور کیپشن میں لکھا ہے، ’16 جنوری 1681 کو چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی تخت نشینی نے ایک عظیم وراثت کا آغاز کیا۔ 344 سال بعد، ہم ان کی جرات اور عظمت کی کہانی کو زندگی میں لاتے ہیں۔ فلم کا ٹریلر 22 جنوری 2025 کو ریلیز ہوگا اور فلم 14 فروری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔‘
فلم میں وکی کوشل چھترپتی سمبھاجی مہاراج کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ رشمیکا مندنا اور اکشے کھنہ ان کے ہمراہ اہم کرداروں میں شامل ہیں۔ لکشمن اوتیکر کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کو میڈوک فلمز نے پروڈیوس کیا ہے۔
میڈوک فلمز کے بانی، دنیش وجن نے کہا، ’یہ فلم چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی بے مثال وراثت کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ یہ ہمارا پہلا تاریخی پروجیکٹ ہے اور ہمیں اس قابل فخر کہانی کو پیش کرنے پر فخر ہے۔‘