اپنے کیریئر کے آخری سالوں کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے 6 نئے پروجیکٹس سائن کر لیے، عامر خان


اپنے کیریئر کے آخری سالوں کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے 6 نئے پروجیکٹس سائن کر لیے، عامر خان

بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے معروف و سینئر اداکار عامر خان نے کہا ہے کہ میں نے بطور اداکار اپنے کیریئر کے آخری 10 سال کو سب سے زیادہ نتیجہ خیز بنانے کی امید میں 6 نئے پروجیکٹس سائن کر لیے۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا کو اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف و سینئر اداکار عامر خان نے بتایا کہ میں نے کچھ سال پہلے فلم انڈسٹری سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کر لیا تھا اور اس فیصلے کے بارے میں اپنی فیملی کو بھی آگاہ کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کر لیا تھا کیونکہ مجھے ایسا لگ رہا تھا کہ میں نے 18 سال کی عمر سے اپنا سارا وقت صرف فلموں کے لیے وقف کر دیا اور میں اپنی فیملی کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزار سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ میں نے اس وقت کیا جب کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر لگنے والے لاک ڈاؤن میں رہتے ہوئے میں کچھ جذباتی لمحات سے گزارا اور میں نے فیملی کو زیادہ وقت نہ دینے کی وجہ سے خود کو مجرم محسوس کیا۔

عامر خان نے کہا کہ میرے بچوں اور سابقہ اہلیہ کرن راؤ کو میرا یہ فیصلہ سن کر بالکل خوشی نہیں ہوئی، میرے بیٹے جنید خان نے میرا فیصلہ سن کر کہا کہ آپ اپنی زندگی میں ایک انتہا سے دوسری انتہا کی جانب سفر کیوں کرنا چاہتے ہیں؟

اداکار کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے مجھے ریٹائرمنٹ لینے کے بجائے اپنی ذاتی زندگی اور کیریئر کے درمیان توازن قائم کرنے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ میری سابقہ اہلیہ کران راؤ میرا یہ فیصلہ سن کر بہت دکھی ہوئیں تھیں اور اُنہوں نے تنہائی میں آ کر آبدیدہ ہوتے ہوئے پوچھا کہ کیا آپ ہمیں چھوڑ رہے ہیں؟ میں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نہیں، میں آپ کو نہیں بلکہ فلموں کو چھوڑ رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا یہ جواب سن کر کرن نے مجھے سے کہا کہ آپ ’چائلڈ آف سنیما‘ ہیں، اگر آپ فلمیں چھوڑ رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ ہمیں چھوڑ رہے ہیں۔

عامر خان نے کہا کہ کرن نہیں چاہتی تھی کہ میں ہر وقت گھر پر رہوں، میری بیٹی آئرا بھی اس فیصلے سے خوش نہیں تھی اور اس نے مذاق میں کہا کہ عامر خان کا پورا دن گھر میں رہنا فیملی کے لیے بہت زیادہ بھی ہو سکتا ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ اپنی فیملی کا ردِعمل دیکھنے کے بعد میں نے اداکاری جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور بطور اداکار اپنے کیریئر کے آخری 10 سال کو سب سے زیادہ نتیجہ خیز بنانے کی امید میں 6 نئے پروجیکٹس سائن کر لیے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles