رام کپور نے کچھ ہی عرصے میں 55 کلو وزن کیسے کم کیا؟ اداکار نے بتادیا
بھارتی ٹی وی اسکرین کے مشہور اداکار رام کپور نے اپنا 55 کلو وزن کم کرنے کا طریقہ مداحوں کو بتادیا۔
حال ہی میں بھارتی ٹیلی ویژن سیریز ’بڑے اچھے لگتے ہیں‘ سے شہرت حاصل کرنے والے 51 سالہ اداکار رام کپور نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا ہے کہ میں نے وزن میں کمی کا سفر تقریباً ایک سال قبل شروع کیا تھا اور اب تک میں 55 کلو وزن کم کر چکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے اس سفر کے ابتدائی 6 ماہ بہت اچھے رہے لیکن سخت ورزش کے باعث میرے کندھے فریکچر ہو گئے، پھر میرے کندھوں کی سرجری ہوئی اور 8 ماہ تک فزیو تھراپی ہوتی رہی، اس دوران میرا وزن کم کرنے کا سفر رُک گیا تھا، لوگ سمجھ رہے ہیں کہ شاید وزن کم کرنے کے لیے میں نے ادویات یا پھر سرجری کا سہارا لیا لیکن ایسا کچھ نہیں ہے۔
رام کپور نے کہا کہ اگر میں نے سرجری کروائی ہوتی تو میں اپنے مداحوں کو بتا دیتا، میں نے اپنا وزن ورزش کے ذریعے کم کیا ہے، ورزش کے علاوہ میں نے اپنی ڈائیٹ پر بہت فوکس کیا ہے، میں دن میں دو مرتبہ کھانا کھاتا ہوں، ایک بار صبح 10 بج کر 30 منٹ پر اور ایک شام ساڑھے 6 بجے، میں دن کے اوقات میں 6 اور 10 کے درمیان 8 گھنٹے کچھ نہیں کھاتا اور پھر اس کے بعد 16 گھنٹے بھوکا رہتا ہوں۔
اداکار نے کہا کہ میں روزانہ 45 منٹ کی کارڈیو ورزش کرتا ہوں اور 45 منٹس اسٹرینتھ ٹریننگ کرتا ہوں، اس کے ساتھ ساتھ پانی اور نیند کا بھی خاص خیال رکھتا ہوں۔