
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو سے حکومتی وفد نے اہم ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے گھر چھاپے اور اہل خانہ کے ساتھ مبینہ سلوک کا معاملہ اٹھایا جب کہ حکومتی وفد سے ملاقات کے بعد بلاول بھٹو نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی رابطہ کیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچا اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اہم ملاقات کی۔
حکومتی وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شریک تھے جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے ملاقات میں شرکت کی۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومتی وفد اور چیئرمین پیپلزپارٹی کے درمیان ملاقات میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس، ممکنہ قانون سازی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ پر چھاپے کا معاملہ بھی اٹھایا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اسحاق ڈار سے مطالبہ کیا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر چھاپے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مبینہ سلوک کے معاملے کا ذاتی طور پر جائزہ لیں۔
وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی۔ یہ ملاقات نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی تجاویز پر جاری سیاسی بحث کے تناظر میں اہمیت رکھتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری اس سے قبل نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کر چکے ہیں اور سندھ کی تقسیم کے حوالے سے سخت تحفظات کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔
کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام کے دوران بلاول بھٹو نے اتحادی حکومت کو متعدد معاملات پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جن میں مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مبینہ سلوک، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قید اور 27 ویں آئینی ترمیم شامل تھے۔
بلاول بھٹو کے ان بیانات کے بعد مسلم لیگ (ن) کے وزرا خواجہ آصف اور طلال چوہدری نے ردعمل دیا تھا جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے بھی معاملے پر عدالتوں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
بعد ازاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں سیاسی معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے اور عوامی بیانات میں تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا تھا۔
بلاول بھٹو کا مولانا فضل الرحمان کو فون
دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی خیریت دریافت کی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کو مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ سیل کرنے کے معاملے سے آگاہ کیا. انہوں نے کہا کہ میرے صاحبزادے کو گرفتار کیا گیا، خواتین کو گھر سے باہر نکال کر ہراساں کیا گیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مولانا فضل الرحمان سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی رہائش گاہ کو سیل کرنے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتا ہوں.