خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان، کئی نامور کھلاڑی محروم

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کی تعداد 20 سے کم کرکے 8 کردی، کپتان فاطمہ ثنا اور اسپنر سعدیہ اقبال کو اے کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے جب کہ گزشتہ سال کنٹریکٹ حاصل کرنے والی 12 کھلاڑی اس مرتبہ فہرست سے باہر ہوگئیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا، جس میں کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے کم کرکے صرف 8 کردی گئی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کپتان فاطمہ ثنا اور اسپنر سعدیہ اقبال کو اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

بی کیٹیگری میں سدرہ امین، منیبہ علی اور نشرہ سندھو جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں، جبکہ عائشہ ظفر، گل فیروزہ اور صدف شمس کو سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

عائشہ ظفر واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے گزشتہ سال سینٹرل کنٹریکٹ حاصل نہیں کیا تھا، تاہم اس مرتبہ وہ کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

پی سی بی نے اس مرتبہ ڈی اور ای کیٹیگریز ختم کردی ہیں، گزشتہ سال ان دونوں کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 12 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹس دیے گئے تھے۔

خاص طور پر ای کیٹیگری ختم کرنا اہم تبدیلی ہے، جسے گزشتہ سال نوجوان اور ابھرتی ہوئی کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔ گزشتہ سال ای کیٹیگری میں شامل ہونے والی ایمن فاطمہ اور شوال ذوالفقار بھی اس مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ حاصل نہیں کرسکیں۔

سینٹرل کنٹریکٹس سے محروم ہونے والی دیگر کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، رامین شمیم، ناجیہ علوی، ناتالیا پرویز، اوما ئمہ سہیل، سدرہ نواز، عروب شاہ، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔

پی سی بی کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا اور یہ جون 2027 کے اختتام تک برقرار رہیں گے۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی اور فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف کیٹیگریز کا تعین کیا گیا ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی فٹنس کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور انہیں معیاری فٹنس برقرار رکھنا ہوگی۔

پی سی بی کے مطابق 24 سالہ فاطمہ ثنا کو بیٹنگ اور بولنگ میں مسلسل اچھی کارکردگی پر اے کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے، وہ حال ہی میں انگلینڈ کی دی ہنڈریڈ اور آسٹریلیا کی ویمنز بگ بیش لیگ میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بھی بنی تھیں۔

دوسری جانب بائیں ہاتھ کی اسپنر سعدیہ اقبال بھی پاکستان کی نمایاں بولرز میں شامل ہیں اور اس سے قبل ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرچکی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ منیبہ علی، نشرہ سندھو اور سدرہ امین کو مختلف فارمیٹس میں مسلسل اچھی کارکردگی اور ٹیم کے لیے خدمات کے اعتراف میں بی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ اسی طرح اوپنرز گل فیروزہ اور صدف شمس کے ساتھ تجربہ کار عائشہ ظفر کو سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم 11 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں اس وقت پانچویں نمبر پر ہے۔ پاکستان ٹیم اپنی تین ون ڈے سیریز میں سے دو میں شکست کھا چکی ہے۔

قومی ویمنز ٹیم اگلے ماہ ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 انٹرنیشنل اور ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles