
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اقتدار عارضی اور حکومتیں آنی جانی چیز ہیں لیکن ان کی کوشش ہے کہ پنجاب میں میرٹ کی حکمرانی قائم رہے اور ہر شعبے میں ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
مریم نواز نے چکوال میں ہونہار طلبہ میں اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں فیصلے میرٹ کی بنیاد پر ہوتے ہیں اور اب صوبہ محنت، ذہانت اور قابلیت سے چلتا ہے۔
مریم نواز نے چکوال کی تاریخ اور عوام کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھرتی غیرت اور قربانیوں کے حوالے سے پہچانی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج میں چکوال سے جانے والے بہادر سپوتوں نے وطن کے لیے جانیں قربان کیں، جبکہ اسی دھرتی کے ذیشان علی نے پاکستان کے پہلے خلا باز کے طور پر دنیا میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔
مریم نواز نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم مکمل کرکے ہر میدان میں آگے بڑھیں اور پاکستان کی خدمت کے ساتھ ملک کا نام روشن کریں۔
کے پی کے طلباء کے لیے اسکالر شپس
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے 500 ہونہار طلبہ پنجاب آئے ہیں، جنہیں اسکالرشپس دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان ہی طلباء میں سے ایک بچی نے لیپ ٹاپ کی خواہش ظاہر کی تو میں نے اسے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے طلبہ کے لیے بھی لیپ ٹاپس میں حصہ رکھا گیا ہے اور بہت جلد لیپ ٹاپ انہیں بھی فراہم کر دیے جائیں گے۔
خواتین کے تحفظ کے لیے ویمن سیفٹی ایپ
مریم نواز نے کہا کہ یہ بیٹیوں، ماؤں اور بہنوں کا دور ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ پنجاب کی ہر خاتون خود کو محفوظ محسوس کرے۔
انہوں نے بتایا کہ اگر کسی بچی یا خاتون کو یونیورسٹی، کالج، بازار یا سڑک پر ہراسانی یا خوف کا سامنا ہو تو وہ ویمن سیفٹی ایپ کے ذریعے موبائل فون کو صرف شیک کرکے مدد طلب کر سکتی ہے۔
ان کے مطابق اس طرح متاثرہ خاتون کی لوکیشن فوری طور پر متعلقہ اداروں تک پہنچ جاتی ہے اور مدد فراہم کی جا سکتی ہے۔
مریم نواز نے خواتین کے تحفظ کے لیے 15 پر کال، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن اور پنک بٹن کی سہولت کا بھی ذکر کیا۔
پنجاب میں گرین بسیں اور الیکٹرک اسکوٹیز
مریم نواز نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 10 سے 15 گرین بسیں پہنچ چکی ہیں جبکہ مزید بسیں بھی فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بچیوں کو پنک اور بچوں کو بلیک اسکوٹیز دی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کے دل میں چھوٹے اور بڑے شہروں کے درمیان کوئی تفریق نہیں اور ان کی خواہش ہے کہ تمام بیٹیوں کو گھر اور گھر سے باہر محفوظ ماحول میسر ہو۔
’خوف ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ خوف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی ظلم کے خلاف لوگ مریم نواز کو یاد کریں تو وہ سمجھیں گی کہ انہوں نے اپنا فرض ادا کردیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتیں آنی جانی چیز ہیں، لیکن ان کی کوشش ہے کہ پنجاب میں میرٹ کی حکمرانی قائم رہے اور ہر شعبے میں ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں۔