پاک امریکا تعلقات اُتار چڑھاؤ کے باوجود نہ صرف پروان چڑھے بلکہ مزید مستحکم ہوئے، سفیر رضوان شیخ

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے یومِ شکر گزاری کے موقع پر امریکی عوام اور پاکستانی نژاد امریکن کمیونٹی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ شکر گزاری امریکی معاشرے کا ایک نمایاں اور منفرد پہلو ہے جو تمام رشتے داروں اور عزیز و اقارب کے ساتھ مل کر خوشیاں بانٹنے کا پیغام دیتا ہے۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ امریکا میں یومِ شکر گزاری کے موقع پر خاندانی میل ملاپ کی قدیم اور خوبصورت روایت موجود ہے جو کہ پاکستانی عائلی اقدار سے مماثلت رکھتی ہے۔ یہ مشترکہ اقدار دونوں ممالک کے درمیان دوستی، مہمان نوازی اور اتحاد و یگانگت کو فروغ دیتی ہیں۔

سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ہم پاکستان اور امریکا کے مابین آٹھ دہائیوں پر مشتمل دیرینہ دوطرفہ تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاک امریکا تعلقات تاریخ کے مختلف ادوار میں اتار چڑھاؤ کے باوجود گزشتہ کئی دہائیوں سے نہ صرف پروان چڑھے ہیں بلکہ مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران دوطرفہ شراکت داری مزید مستحکم ہوئی ہے جو کہ لائق تحسین و تشکر ہے۔

رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکا ایران تنازعہ میں قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر کلیدی سیاسی کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کو دونوں فریقین کی جانب سے ثالثی کیلئے منتخب کیا جانا اعزاز کی بات اور بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اعلیٰ قیادت نے نہ صرف ان دونوں ممالک کی قیادت بلکہ دیگر شراکت دار ممالک کے ساتھ دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطح پر سفارتی مشاورت کی۔ انہی کاوشوں کی وجہ سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جو کہ مستقبل میں کسی بھی دیرپا اور پُرامن حل کیلئے بنیادی خاکہ اور ڈھانچہ فراہم کرتی ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی عالمی امن و خوشحالی کے فروغ اور تنازعات کے حل کیلئے اپنی تعمیری خدمات پیش کرتا رہے گا۔

پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر رضوان سعید شیخ نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے مابین پُل کا کردار ادا کر رہی ہے اور ہم ان کی مسلسل محنت، لگن، سخاوت اور خیر سگالی کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles