پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی 5 بہترین مارکیٹ میں شامل


پاکستان اسٹاک ایکسچینج نومبر کے دوران منتخب عالمی حصص بازاروں میں چوتھی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹ بن گئی، جس نے مقامی کرنسی میں ماہانہ بنیادوں پر 7.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔
بلوم برگ کی 25 نومبر تک مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے کئی بڑی عالمی منڈیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اعداد و شمار کے مطابق نومبر میں بھارت کی اسٹاک مارکیٹ 12.6 فیصد اضافے کے ساتھ سرفہرست رہی، جبکہ دبئی کی مارکیٹ میں 10.2 فیصد اور قطر کی مارکیٹ میں 9.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان 7.3 فیصد اضافے کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا، جبکہ سری لنکا کی اسٹاک مارکیٹ نے 5.5 فیصد بہتری دکھائی۔
اس کے برعکس ایشیا کی کئی بڑی اسٹاک مارکیٹوں میں نمایاں مندی دیکھی گئی۔ جنوبی کوریا کی مارکیٹ 17.5 فیصد، تائیوان 16 فیصد، جاپان 10.2 فیصد اور سنگاپور 8 فیصد تنزلی کا شکار ہوئے، جبکہ سلوواکیہ کی اسٹاک مارکیٹ میں بھی 7.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
نومبر 2026 کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا، تاہم مجموعی طور پر مارکیٹ نے مثبت کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

اسی ماہ کے ابتدائی حصے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بہتر ہونے سے مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔
  13 نومبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 3 ہزار 987.19 پوائنٹس یعنی 2.3 فیصد اضافے کے بعد ایک لاکھ 77 ہزار 873.88 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اس تیزی کی بنیادی وجوہات میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی مضبوط آمد شامل تھیں، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔
تاہم مختلف عوامل کے باعث مثبت رجحان کو بار بار چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، جس سے مارکیٹ میں نمایاں اتار چڑھاؤ رہا۔ 20 نومبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے میں کے ایس ای 100 انڈیکس معمولی کمی کے ساتھ بند ہوا، کیونکہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے مجوزہ ریفرنڈم سے متعلق ملکی سیاسی غیر یقینی صورتحال نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا اور عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے مثبت اثرات زائل ہوگئے۔
اس کے بعد کے کاروباری سیشنز میں بھی اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا۔ مثال کے طور پر، 25 نومبر کو مارکیٹ میں وسیع پیمانے پر تیزی دیکھی گئی اور عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 1,068.42 پوائنٹس بڑھ گیا۔
ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ محدود دائرے میں اتار چڑھاؤ کا شکار رہ سکتی ہے، ان کے نزدیک عالمی جغرافیائی و سیاسی صورتحال اور بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتیں سرمایہ کاروں کے رجحانات اور مارکیٹ کی سمت کا تعین کرنے والے اہم عوامل رہیں گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles