
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کی فتح قریب ہے، تاہم وہ تہران کو معاہدے کا ایک موقع دے رہے ہیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
فلوریڈا میں تھینکس گیونگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ جنگ میں فتح کا وقت وہ خود طے کریں گے اور سچ پوچھیں تو یہ فتح جب وہ چاہیں گے، حاصل ہو جائے گی۔
ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے ایران کے لیے مذاکرات کا راستہ اب بھی کھلا رکھا ہے۔ امریکا نرمی برتنے کی کوشش کر رہا ہے اور ایران کو معاہدہ کرنے اور بہت سی جانیں بچانے کا پورا موقع دیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہیں یقین نہیں کہ ایران اس موقع سے فائدہ اٹھائے گا یا نہیں۔ بعض لوگ سوال کرتے ہیں کہ ایران معاہدہ کیوں نہیں کر رہا اور کیا وہ پاگل ہیں؟ اس پر ٹرمپ نے کہا کہ شاید وہ واقعی پاگل ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو روس اور چین کی جانب سے انٹیلیجنس معلومات فراہم کیے جانے کی رپورٹس کی اہمیت کم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک ایران میں جاری جنگ ختم کرانا چاہتے ہیں اور کشیدگی بڑھانے کے بجائے اس میں کمی کے لیے کام کررہے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ حالیہ ملاقات میں ایران کی جنگ پر بھی بات ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین ایران کے معاملے میں بہت کم ملوث ہے، تاہم اگر وہ براہ راست جنگ میں حصہ لے تو اسے حقیقی مداخلت تصور کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ کسی ملک کی جانب سے دوسرے کو محدود انٹیلیجنس معلومات فراہم کرنا براہ راست فوجی مداخلت کے برابر نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا خود بھی دوسرے ممالک کی جاسوسی کرتا ہے، اس لیے اس نوعیت کی سرگرمیوں پر حیرت نہیں ہونی چاہیے۔