سائنس دانوں نے مرغی کے گوشت سے جراثیم ختم کرنے کا طریقہ تلاش کر لیا

برطانیہ اور برازیل کے سائنس دانوں نے مرغیوں اور گوشت میں سالمونیلا بیکٹیریا کو کم کرنے کے دو نئے طریقوں پر اہم پیش رفت کی ہے، تجرباتی مطالعات میں جراثیم کی تعداد میں 99.9 فیصد تک کمی ر یکارڈ کی گئی جوکہ ایک بڑی کامیابی ہے۔

مرغیوں اور گوشت میں موجود بعض بیکٹیریا کھانے کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہو کر بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔ ان میں سالمونیلا بھی شامل ہے، جو آلودہ خوراک کے ذریعے انسانوں میں داخل ہو کر بخار، پیٹ میں درد اور اسہال جیسی علامات پیدا کر سکتا ہے۔ اس بیکٹیریا کے خلاف مؤثر اقدامات خوراک کو محفوظ بنانے کے لیے اہم ہیں۔

برطانیہ کی اینیمل اینڈ پلانٹ ہیلتھ ایجنسی کے محققین نے ایک ایسے طریقے کا تجربہ کیا جس میں بیکٹیریا کو ختم کرنے والے مخصوص وائرس استعمال کیے گئے۔ انہیں ’بیکٹیریوفیجز‘ کہا جاتا ہے۔

باس طریقے میں مخصوص بیکٹیریا کو نشانہ بنا کر انہیں ختم کرتے ہیں۔ لیبارٹری میں کیے گئے تجربات میں ان وائرسز کی مدد سے مرغیوں میں پائے جانے والے سالمونیلا انفینٹس کی مقدار تقریباً 99.9 فیصد کم ہوئی۔ یہ طریقہ آنتوں میں موجود مفید بیکٹیریا کی مجموعی اقسام کو متاثر کیے بغیر سالمونیلا کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ تحقیق اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کے خلاف ایک بین الاقوامی منصوبے کا حصہ ہے۔ اینٹی مائیکروبیل مزاحمت اس صورتِ حال کو کہتے ہیں جب بیکٹیریا یا دیگر جراثیم ادویات کے اثرات کے خلاف مزاحمت پیدا کر لیتے ہیں۔

برازیل کے تحقیقی ادارے ’بائیوپارک‘ نے گوشت کی پروسیسنگ کے دوران سالمونیلا کو کم کرنے کے لیے ایک الگ طریقہ تیار کیا ہے۔

تحقیق میں اس دوسرے طریقے کے ذریعے مرغیوں کے گوشت پر سالمونیلا کی مقدار میں 99.8 فیصد کمی رپورٹ کی گئی۔

محققین کے مطابق، تجربات میں اس طریقے کے استعمال سے گوشت میں کسی نقصان دہ باقیات کی موجودگی یا اس کے ذائقے اور دیگر ظاہری خصوصیات میں تبدیلی سامنے نہیں آئی۔ اسی طرح بیکٹیریا میں اس طریقے کے خلاف مزاحمت پیدا ہونے کے شواہد بھی نہیں ملے۔

تحقیق میں اس طریقے کی لاگت کا تخمینہ بھی پیش کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق مرغیوں کے ایک ٹن گوشت کی پروسیسنگ پر تقریباً 0.52 یورو خرچ آنے کا اندازہ ہے۔

تاہم یہ تحقیق ابھی لیبارٹری کی حد تک ہوئی ہے اور ٹیکنالوجی ابھی تجارتی طور پر دستیاب نہیں۔ اس کے تیار کرنے والے ادارے دانشورانہ ملکیت کے حقوق کے تحفظ اور متعلقہ حکام سے منظوری حاصل کرنے کے مراحل میں ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ اس طریقے کو بڑے پیمانے پر استعمال کرنے سے پہلے مسلسل تجارتی ماحول میں مزید تجربات کرنا ضروری ہے، تاکہ اس کی افادیت اور حفاظت کا بہتر اندازہ لگایا جا سکے۔

کیا یہ طریقے خوراک کو مکمل محفوظ بنا سکتے ہیں؟

سائنس دانوں نے واضح کیا ہے کہ ان طریقوں کو صفائی، حفظانِ صحت اور خوراک کو محفوظ رکھنے کے موجودہ اقدامات کے متبادل کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، بلکہ انہیں ان اقدامات میں اضافے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

گھروں میں بھی مرغیوں کا گوشت اچھی طرح پکانا سالمونیلا سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق، گوشت کو سرکے یا دیگر تیزابی اجزا میں میرینیٹ کرنا اس بیکٹیریا کو قابلِ اعتماد طریقے سے ختم نہیں کرتا۔

امریکی محکمہ زراعت کی سفارش کے مطابق، مرغیوں کا گوشت اندرونی طور پر 165 ڈگری فارن ہائیٹ تک پکانا چاہیے۔ اس درجہ حرارت پر گوشت پکانے سے سالمونیلا سمیت نقصان دہ بیکٹیریا کو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

برطانیہ اور برازیل میں ہونے والی ان تحقیقات میں خوراک کو محفوظ بنانے کے لیے نئے امکانات موجود ہیں، تاہم ان طریقوں کے عام استعمال سے پہلے مزید تجربات اور متعلقہ حکام کی منظوری ضروری ہوگی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles