نادرا نے پیدائش، موت، شادی اور طلاق کے اندراج کے لیے نیا نظام نافذ کردیا


نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پیدائش، موت، شادی اور طلاق کے اندراج کے عمل کو شفاف بنانے اور جعلی اسناد کے اجرا کو روکنے کے لیے ملک کے چاروں صوبوں کے منتخب اضلاع کی یونین کونسلوں میں بائیومیٹرک تصدیق کا نیا نظام نافذ کر دیا ہے۔
اس نئے نظام کے تحت درخواست گزاروں کے لیے متعلقہ سرٹیفکیٹ کے اجرا سے قبل بائیومیٹرک تصدیق مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ شہریوں کے اندراج اور ریکارڈ میں غیر قانونی یا بوگس دستاویزات کے خدشات کو کم کیا جا سکے۔
نادرا کے مطابق یہ اقدام پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے منتخب اضلاع کی یونین کونسلوں میں شروع کیا گیا ہے، اور اس کا مقصد شہریوں کے بنیادی اندراج کے نظام کو زیادہ مستند اور قابل اعتماد بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں راولپنڈی، جھنگ، بہاولنگر اور شیخوپورہ جبکہ خیبر پختونخوا میں پشاور کے منتخب اضلاع کی یونین کونسلوں میں بائیومیٹرک تصدیق کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

سندھ میں یہ نظام کراچی شرقی، کراچی غربی، حیدرآباد، ٹنڈو الہیار، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، میرپورخاص اور تھرپارکر میں نافذ کیا گیا ہے، جبکہ بلوچستان میں کوئٹہ، نصیرآباد، جعفرآباد، قلات، شیرانی اور ژوب کی یونین کونسلوں میں اس کا آغاز کیا گیا ہے۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ نئے طریقہ کار اور اندراج کے عمل سے متعلق مزید معلومات کے لیے 1777 ہیلپ لائن پر رابطہ کیا جا سکتا ہے یا ادارے کی آفیشل ویب سائٹ www.nadra.gov.pk سے تفصیلات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles