
پشاور ہائی کورٹ نے ایوب میڈیکل کالج کے 8 افغان ڈاکٹروں کو ملک بدر کرنے سے روک دیا ہے اور انہیں متعلقہ اسپتالوں میں ہاؤس جاب جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔
پشاور ہائی کورٹ میں افغان ڈاکٹروں کی جانب سے دائر رٹ پٹیشن نمبر 16480 پی/2026 پر سماعت ہوئی، جس میں درخواست گزاروں کی طرف سے وکیل ابراہیم نور مغل پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ اسی نوعیت کی ایک اور درخواست، رٹ پٹیشن نمبر 15842 پی/2026، بھی پہلے سے زیر سماعت ہے۔ عدالت نے دونوں درخواستوں کو یکجا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے متعلقہ حکام کو افغان ڈاکٹروں کی ملک بدری سے روکتے ہوئے قرار دیا کہ عبوری ریلیف اگلے حکم تک برقرار رہے گا اور ڈاکٹر متعلقہ اسپتالوں میں اپنی پیشہ ورانہ تربیت یعنی ہاؤس جاب جاری رکھ سکیں گے۔
پشاور ہائی کورٹ نے تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ہفتوں میں تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ دونوں درخواستوں پر مزید سماعت جوابی رپورٹس جمع ہونے کے بعد ہوگی۔