میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے دفاتر میں یکم دسمبر سے نقد لین دین مکمل بند کرنے کا فیصلہ


میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے وزیراعظم کے کیش لیس اسلام آباد وژن کے تحت یکم دسمبر 2026 سے اپنے تمام دفاتر میں نقد لین دین مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے چیف آفیسر کیپٹن (ر) اویس افضل نے 25 نومبر کو اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یکم دسمبر سے کارپوریشن کا کوئی بھی ڈائریکٹوریٹ، ونگ یا برانچ نقد رقم وصول نہیں کرے گی۔ ٹیکس، فیس، کرایوں، جرمانوں اور لائسنس فیس سمیت تمام سرکاری ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل ذرائع سے قبول کی جائیں گی۔ اس تاریخ کے بعد پے آرڈر، ڈیمانڈ ڈرافٹ اور چیک بھی وصول نہیں کیے جائیں گے۔
انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ ایم سی آئی کے تمام کیش کاؤنٹرز 30 نومبر تک بند کردیے جائیں، جبکہ دستی رسیدوں کے تمام رجسٹر سیل کرکے متعلقہ اکاؤنٹس آفس میں جمع کرائے جائیں۔
شہریوں کی رہنمائی کے لیے تمام دفاتر میں آن لائن ادائیگیوں کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی نوٹس بھی آویزاں کیے جائیں گے۔
احکامات کے تحت تمام ڈائریکٹرز کو 7 روز کے اندر فیصلے پر عمل درآمد کی رپورٹ چیف آفیسر کو جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ یکم دسمبر کے بعد نقد رقم وصول کرنے والے افسر یا اہلکار کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہوگی، جبکہ احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ ڈائریکٹر اور دفتر کا سربراہ بھی ذاتی طور پر جواب دہ ہوگا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles