
حنا جاوید کے واقعے کے بعد راولپنڈی میں پسند کی شادی کرنے والی ایک اور شادی شدہ خاتون مبینہ طور پر قتل کردی گئی۔ کہوٹہ میں رانیہ اظہر کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے مقتولہ کے والد اور بھائی کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق رانیہ نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی، جس پر اس کے گھر والے ناراض تھے، تاہم جرگے میں اہل خانہ نے اسے معاف کردیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کہوٹہ میں رانیہ اظہر اپنے والدین کے گھر گئی ہوئی تھی، جہاں مبینہ طور پر اس کے بھائی نے چھری کے وار کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔ رانیہ کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی، جس پر اس کے اہل خانہ ناخوش تھے۔ بعدازاں جرگے میں گھر والوں نے رانیہ کو معاف بھی کردیا تھا۔
پولیس نے مقتولہ کے شوہر کی مدعیت میں اس کے سسر اور سالے کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مقتولہ کے بھائی نے چھری کے وار کرکے اسے قتل کیا، جبکہ سسر نے قتل کا جرم چھپانے کی کوشش کی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد مقتولہ کے والد اور بھائی کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ رانیہ اظہر کی تدفین بھی کردی گئی ہے۔