غزہ میں اسرائیلی حملہ، حماس کے سیکیورٹی سربراہ اہلیہ اور بچوں سمیت شہید

غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے سینئر سیکیورٹی عہدیدار محمد ابواعلوف، ان کی اہلیہ اور 2 بچے شہید ہوگئے۔ حملے میں خاندان کے چاروں افراد کی شہادت کے بعد ان کی نمازِ جنازہ بھی ادا کردی گئی۔

وزارتِ داخلہ اور طبی عملے کے مطابق اسرائیلی فوج نے محمد ابواعلوف کو مغربی غزہ کے ساحلی پناہ گزین کیمپ میں فضائی حملے کا نشانہ بنایا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حماس کے کسی سینئر سیکیورٹی عہدیدار کو نشانہ بنانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

دوسری جانب طبی عملے کے مطابق غزہ شہر کے علاقے کرامہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں ایک فلسطینی نوجوان بھی شہید ہوگیا۔

اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس نے غزہ میں متعدد عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا۔ فوج کے مطابق محمد ابو علوف ایک اہم شخصیت تھے اور غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کو محدود کرنے کی کوششوں میں حماس کی مدد کرتے رہے تھے۔

اسرائیلی فوج کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ابو علوف نے اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور حماس کی صلاحیتیں بحال کرنے میں کردار ادا کیا تھا۔

اسرائیلی فوج نے ایک روز قبل بھی حماس کے داخلی سکییورٹی ادارے کے سربراہ نعیم ابو نحل کو شہید کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ حماس اسرائیل کی طویل پہنچ سے بچ نہیں سکتی۔

حماس کا داخلی سیکیورٹی ادارہ غزہ میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کرنے کے شبہے میں فلسطینیوں کی نگرانی کرتا ہے اور اسرائیل کی منصوبہ بندی سے متعلق معلومات جمع کرتا ہے۔ محمد ابو علوف اسی ادارے میں شمالی غزہ کے سینئر عہدیدار تھے۔

حماس نے محمد ابو علوف اور ان کے اہل خانہ کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل پر غزہ میں سیکیورٹی اہلکاروں اور شہری پولیس کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد غزہ میں بدامنی اور افراتفری پھیلانا اور علاقے کے سیکیورٹی نظام کو کمزور کرنا ہے۔

حماس نے عرب اور اسلامی ممالک، عالمی برادری، اقوام متحدہ اور اس کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی شہریوں کے خلاف اسرائیلی کارروائیاں رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ تنظیم نے غزہ میں جنگ بندی کے ضامن ممالک سے بھی فوری مداخلت اور معاہدے کی خلاف ورزیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت سے اکتوبر 2025 میں طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ میں تشدد جاری ہے۔ فلسطینی اور اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق جنگ بندی کے بعد اب تک کم از کم 1600 فلسطینی اور 5 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں فلسطینیوں کی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 74000 سے تجاوز کر چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج اس وقت غزہ کے تقریباً دو تہائی علاقے پر قابض ہے، جبکہ جنگ بندی کے وقت اس کا کنٹرول غزہ کے نصف سے کچھ زیادہ علاقے تک محدود تھا۔

دوسری جانب حماس کا کنٹرول غزہ کے ساحلی علاقے کے ایک محدود حصے تک رہ گیا ہے۔ جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوجی کارروائیاں جاری رہنے اور حماس کو غیر مسلح کرنے کے معاملے پر اختلافات کے باعث معاہدے پر عمل درآمد میں مشکلات برقرار ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles