شیخ حسینہ کی وطن واپسی پر بھارت کا مؤقف سامنے آگیا

بھارت نے کہا ہے کہ سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ کی رضاکارانہ وطن واپسی اور ڈھاکا کی جانب سے ان کی حوالگی کی درخواست دو الگ معاملات ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے نئی دہلی میں معمول کی بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت بنگلہ دیش کی جانب سے شیخ حسینہ کی حوالگی کی درخواست کا اپنے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق جائزہ لے رہا ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کسی شہری کا سفری دستاویز کے ذریعے رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپس جانے کا معاملہ حوالگی کی درخواست سے الگ ہے۔ ترجمان نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

’رائٹرز‘ کے مطابق شیخ حسینہ نے 16 دسمبر کو بنگلہ دیش واپس جانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ وہ اگست 2024 میں اپنی حکومت کے خلاف طلبہ کی تحریک اور اس کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کے بعد ملک چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں اور اس وقت سے وہیں مقیم ہیں۔

بنگلہ دیشی حکومت نے اس مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ شیخ حسینہ کو صرف حوالگی کے ذریعے ہی واپس لایا جاسکتا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے وطن واپسی کے لیے نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست بھی دی تھی۔

شیخ حسینہ کو گزشتہ سال بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ عدالت نے انہیں طلبہ کی تحریک کے خلاف کارروائی کا حکم دینے کے الزام میں مجرم قرار دیا تھا۔

’رائٹرز‘ کے مطابق بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی جماعت کی سرگرمیوں پر پابندی اور سیاسی کشیدگی کے باعث بھی حالات میں تناؤ برقرار ہے۔ گزشتہ دنوں ڈھاکا نے ان کی پاسپورٹ کی درخواست مسترد کردی تھی، جس کے بعد ان کی وطن واپسی کا معاملہ مزید توجہ کا مرکز بن گیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles