امریکی فوج نے 5 ٹن ناکارہ بارودی مواد دھماکے سے تباہ کر دیا

امریکی فوج نے ریاست آئیووا میں تقریباً پانچ ٹن ناکارہ دھماکا خیز کیمیکلز کو تباہ کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق شدید سردی کے باعث بارودی مواد کے اچانک پھٹنے کا خطرہ تھا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکی فوج نے دھماکا خیز مواد کو کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے تباہ کیا اور اس کارروائی کے لیے آئیووا کے آرمی ایمونیشن پلانٹ کا انتخاب کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ دھماکا خیز مواد پرانے اور ناکارہ دھماکہ خیز کیمیکل ’لیڈ ایزائڈ‘ کے ذخیرے پر مشتمل تھا جو گولہ بارود اور ڈیٹونیٹرز بنانے میں استعمال ہوتا ہے، جسے دو کنکریٹ کے بنکرز میں دھماکے سے تلف کیا گیا۔

امریکی حکام کے مطابق یہ مواد وقت گزرنے کے ساتھ خراب اور ناقابلِ استعمال ہو چکا تھا اور شدید سردی میں اس کے اچانک دھماکے کا خطرہ تھا، جبکہ اسے کیمیائی طریقے سے بے اثر کرنے کے لیے کنٹینرز کھولنا بھی خطرناک ہو سکتا تھا۔

رپورٹ کے مطابق دھماکوں کی شدت سے پیدا ہونے والی دباؤ کی لہر زلزلے کی طرح محسوس ہوئی، اس دھماکے سے قبل پانچ میل کے فاصلے تک علاقے سے لوگوں کو انخلا کا حکم دیا گیا تھا۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ دستیاب حالات میں دھماکے کے ذریعے اسے تباہ کرنا ہی محفوظ طریقہ تھا۔

زہریلی گرد پھیلنے کا خدشہ

امریکی فوج کی جانب سے انجام دی گئی اس کارراوئی پر ماحولیاتی تنظیموں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں سیسے کی زہریلی گرد فضا میں پھیل سکتی ہے، جو آئیووا کے دیہی علاقوں اور شمال مشرقی ریاست میسوری تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

ماہرین اور ماحولیاتی گروپوں کے مطابق سیسے کی گرد کی معمولی مقدار بھی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے، جبکہ بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے اس کے اثرات خاص طور پر خطرناک ہیں۔

امریکی فوج نے بھی تسلیم کیا تھا کہ کارروائی کے دوران کچھ مقدار میں سیسے کی گرد فضا میں خارج ہو سکتی ہے اور یہ آئیووا اور میسوری کی متعدد کاؤنٹیز تک پھیل سکتی ہے۔

ماحولیاتی تنظیموں نے دھماکے کو رکوانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ ان کے خدشات کے پیش نظر وفاقی عدالت نے گزشتہ ہفتے طے شدہ کارروائی عارضی طور پر روک دی تھی، تاہم پیر کو عدالت نے دھماکے کی اجازت دے دی تھی۔

جس کے بعد امریکی فوج نے اس کارروائی کے لیے منگل کا دن منتخب کیا اور امید ظاہر کی کہ موسمی پیش گوئی کے مطابق ہوائیں آلودہ ذرات کو دریائے مسیسیپی سے دور، کم آبادی والے زرعی علاقوں کی جانب لے جائیں گی۔

آئیووا آرمی ایمونیشن پلانٹ ریاست کے جنوب مشرقی حصے میں دریائے مسیسیپی سے تقریباً آٹھ میل مغرب میں واقع ہے۔

یہ کارروائی امریکا میں تھینکس گیونگ کے تہوار سے ایک روز قبل کی گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کارروائی کے بعد ٹروتھ سوشل پر پیغام میں کہا کہ ’آئیووا سے موصول ہونے والی ابتدائی اطلاعات کے مطابق زہریلی گرد کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے امریکی فوج کی کوششیں توقعات سے کہیں زیادہ کامیاب رہی ہیں۔‘

ٹرمپ نے امریکی فوج کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آلودگی کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے نتائج توقعات سے بہتر ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles