
برطانیہ نے فوجی اڈوں پر ممکنہ ڈرون حملوں اور تخریب کاری کے خطرات کے پیش نظر فضائیہ کے جنگی طیاروں کی حفاظت کے لیے نئے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
برطانوی اخبار ’دی ٹائمز‘ اور ’اسکائی نیوز‘ کی رپورٹس کے مطابق فضائیہ نے جنگی طیاروں کو رات کے وقت کھلے مقامات سے ہٹا کر ہینگرز اور دیگر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جن طیاروں کو رن ویز یا ایسے فوجی اڈوں پر کھڑا کرنا ضروری ہوگا جہاں مناسب حفاظتی انتظامات موجود نہیں، ان کے گرد خصوصی حفاظتی جال نصب کیے جائیں گے تاکہ انہیں ممکنہ ڈرون حملوں سے بچایا جاسکے۔
یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب برطانوی وزارتِ دفاع اور انٹیلی جنس ادارے ایم آئی فائیو نے منگل کو خبردار کیا تھا کہ یوکرین کی فوج کی معاونت کرنے والی کمپنیوں کو روسی تخریب کاری کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
برطانوی فوجی اڈوں پر حالیہ عرصے میں ڈرون سے متعلق بعض واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جن کا ممکنہ تعلق ایران سے جوڑا گیا، تاہم تہران نے برطانیہ میں مخصوص حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
برطانوی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت فوجی اڈوں، آلات اور اہلکاروں کی حفاظت کو انتہائی سنجیدگی سے لیتی ہے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات میں مسلسل بہتری لائی جا رہی ہے۔ تاہم ترجمان نے طیاروں کی منتقلی اور حفاظتی جال لگانے سے متعلق رپورٹس کی براہِ راست تصدیق نہیں کی۔
رپورٹ کے مطابق رواں ماہ امریکی فضائیہ کے اہلکاروں نے برطانیہ میں آر اے ایف لکین ہیتھ کے فوجی اڈے پر ڈرون کی مشتبہ اور غیر مجاز سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے کارروائی کی تھی۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب امریکا نے ایک دوسرے فضائی اڈے سے اپنے فضائی ایندھن بھرنے والے طیارے منتقل کرکے لکین ہیتھ پہنچائے تھے۔
اس سے قبل اکتوبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران سے متعلق سکیورٹی خطرے کے پیش نظر امریکا نے برطانوی فضائی اڈے آر اے ایف فیئر فورڈ سے اپنے بی ون بمبار طیارے منتقل کیے تھے۔
یورپ میں فوجی تنصیبات اور دفاعی سازوسامان کو ڈرون حملوں اور ممکنہ تخریب کاری سے محفوظ رکھنے کے خدشات کے تناظر میں برطانوی فضائیہ کے یہ اقدامات سامنے آئے ہیں۔