کراچی میں عمارت گرنے کا واقعہ: ایس بی سی اے کے 8 افسران معطل


کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر 6 منزلہ عمارت گرنے کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی برہمی کے بعد کمشنر کراچی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 8 افسران معطل کردیا ہے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی جانب سے پی ای سی ایچ ایس میں عمارت گرنے کے واقعے پر کارروائی کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 8 افسران کو معطل کردیا گیا ہے۔
کمشنر کراچی کے مطابق معطل افسران میں ڈائریکٹر چنیسر ٹاؤن، تمام متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور بلڈنگ انسپیکٹر بھی شامل ہیں۔

سید حسن نقوی کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کے واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا جب کہ انہوں نے واقعے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ جائے حادثہ پر رات کو بھی ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔
مراد علی شاہ کا ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران پر اظہار برہمی
قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے مقام کا دورہ کیا اور جاری ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ معلوم ہوا ہے کہ عمارت کو صرف گراؤنڈ پلس ون کی اجازت تھی لیکن 6 منزلیں تعمیر کی گئیں، اس دوران سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کہاں تھی؟

مراد علی شاہ نے کہا کہ سرکاری افسران کی ملی بھگت کے بغیر اتنی بڑی غیر قانونی تعمیر ممکن نہیں، غیر قانونی تعمیرات کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں،انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات اور غفلت سے انسانی جانوں کا ضیاع قتل ہے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ہو یا ضلعی انتظامیہ، جس کی بھی غفلت ثابت ہوئی اسے کڑی سزا ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بار معطل ہونے والے افسران کی دوبارہ ملازمت پر بحالی کا کوئی تصور نہیں، ذمہ دار افسران کو جیل بھیجا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی سی ایسٹ سے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق سوال کیا اور دیگر زیر تعمیر عمارتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے پوچھا کہ یہ عمارتیں کیسے تعمیر ہورہی ہیں؟ جس پر ڈی سی ایسٹ نے جواب دیا کہ تعمیرات کرنے والے حکم امتناع حاصل کرلیتے ہیں، اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع کے ذمہ داروں کو کڑی سزا دلوا کر متاثرین کو انصاف فراہم کریں گے۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز بلوچ کالونی کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں زیرِ تعمیر 6 منزلہ عمارت گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے تھے۔

ایس بی سی اے کے مطابق منہدم ہونے والی عمارت رہائشی پلاٹ پر بغیر منظوری کمرشل مقاصد کے لیے تعمیر کی جا رہی تھی، قواعد کے تحت اس پلاٹ پر گراؤنڈ پلس ٹو یعنی زمینی منزل کے علاوہ دو منزلیں بنانے کی اجازت تھی، تاہم بلڈر نے منظوری کے بغیر گراؤنڈ پلس فائیو عمارت تعمیر کرلی تھی۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں نے سوال اٹھایا ہے کہ یہ غیر قانونی عمارتیں متعلقہ اداروں کو پہلے کیوں نظر نہیں آئیں اور حادثے کے بعد ہی کارروائی کیوں شروع کی گئی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر پہلے ہی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اقدامات کیے جاتے تو ایسے حادثات سے بچا جا سکتا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles