
کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 12 زیرِ تعمیر عمارتیں سیل کردی ہیں۔
ایس بی سی اے نے یہ کارروائی عمارت گرنے کے نتیجے میں تین افراد کی ہلاکت کے بعد کی ہے۔
سیل کی گئی عمارتوں میں نقشے کی خلاف ورزی، تعمیراتی اجازت نامے کے بغیر کام اور غیر معیاری تعمیراتی مواد کے استعمال سے متعلق بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حکام نے غیر قانونی تعمیرات کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز بلوچ کالونی کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں زیرِ تعمیر 6 منزلہ عمارت گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے تھے۔
ایس بی سی اے کے مطابق منہدم ہونے والی عمارت رہائشی پلاٹ پر بغیر منظوری کمرشل مقاصد کے لیے تعمیر کی جا رہی تھی۔
قواعد کے تحت اس پلاٹ پر گراؤنڈ پلس ٹو یعنی زمینی منزل کے علاوہ دو منزلیں بنانے کی اجازت تھی، تاہم بلڈر نے منظوری کے بغیر گراؤنڈ پلس فائیو عمارت تعمیر کرلی تھی۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں نے سوال اٹھایا ہے کہ یہ غیر قانونی عمارتیں متعلقہ اداروں کو پہلے کیوں نظر نہیں آئیں اور حادثے کے بعد ہی کارروائی کیوں شروع کی گئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر پہلے ہی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اقدامات کیے جاتے تو ایسے حادثات سے بچا جا سکتا تھا۔