بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، ہیومن رائٹس واچ کی 95 صفحات پر طویل رپورٹ جاری

عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے بھارت میں انسانی حقوق کی صورت حال سے متعلق 95 صفحات پر مشتمل رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں مودی حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات پر سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

رپورٹ میں جمہوری اداروں کی کمزوری، اپوزیشن کے خلاف تحقیقاتی اداروں کے استعمال، مذہبی اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے خلاف تشدد اور آزادی صحافت پر پابندیوں پر تشویش ظاہر کی گئی ہے۔

ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت نے 2014 سے بھارت کے جمہوری اداروں کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جبکہ وفاقی تحقیقاتی اداروں کو سیاسی مخالفین اور اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئینی اداروں کی کمزوری کے باعث مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد میں اضافہ ہوا ہے اور مسلمانوں کو تشدد اور امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔

ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ مودی حکومت نے اپوزیشن کے 146 ارکان پارلیمنٹ کو معطل کرکے متنازع قوانین منظور کرائے، جنہیں شہری آزادیوں کے منافی قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت کے تحقیقاتی اداروں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے 95 فیصد مقدمات اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف بنائے گئے، جبکہ بی جے پی میں شامل ہونے والے 23 اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف تحقیقات روک دی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق بھارت میں انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت گرفتاریوں میں اضافہ ہوا، تاہم ان مقدمات میں سزا کی شرح صرف 3.8 فیصد رہی۔ ریاست کرناٹک میں بی جے پی کے دور حکومت کے دوران یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیے گئے ملزمان میں 84 فیصد مسلمان تھے۔

ہیومن رائٹس واچ نے انتخابی فہرستوں سے 13 کروڑ سے زائد ووٹرز کے نام خارج کیے جانے پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس اقدام سے خواتین، غریب طبقے اور مذہبی اقلیتیں سب سے زیادہ متاثر ہوئیں، جبکہ مسلمانوں کے ناموں کا اخراج بھی باعث تشویش ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی 173 انتخابی تقاریر میں سے 110 میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات دیے گئے، جبکہ بھارتی الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر مودی اور بی جے پی رہنماؤں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہا۔

عدلیہ کی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی عدالتیں بنیادی حقوق کے تحفظ اور انتظامیہ کی مداخلت روکنے میں ناکام رہی ہیں۔ حکومت مخالف فیصلے دینے والے ججوں کے تبادلوں اور ان کی ترقی روکنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ میں اقوام متحدہ سے منسلک ادارے کی جانب سے بھارتی انسانی حقوق کمیشن کا درجہ کم کرنے کی سفارش کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ کے مطابق بھارتی انسانی حقوق کمیشن اپنی آزادی برقرار رکھنے میں ناکام رہا ہے۔

رپورٹ میں جولائی 2026 میں پرامن احتجاج کرنے والے طلبہ پر سیکیورٹی فورسز کے تشدد اور انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔

ہیومن رائٹس واچ نے بھارت میں آزادی صحافت پر بڑھتی پابندیوں، عدلیہ پر دباؤ اور آمرانہ طرز حکمرانی میں اضافے کو بھی رپورٹ کا حصہ بنایا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles