تاریخی سنگِ میل کے بعد خلائی سیٹلائٹ 'وائجر 1' بند، ناسا پریشان

زمین سے ایک نوری دن کی دوری کا تاریخی سنگِ میل عبور کرنے کے عین موقع پر ناسا کا قدیم ترین خلائی جہاز وائجر 1 ایک بار پھر خاموش ہوگیا ہے۔ خلا کی گہرائیوں میں سفر کرنے والے اس جہاز نے سائنسی معلومات بھیجنا بند کر دی ہیں۔

ناسا کے سائنس دانوں نے اس خرابی کا سراغ 14 نومبر کو لگایا، جو اس تاریخی سنگِ میل کو عبور کرنے سے محض 5 دن پہلے پیش آیا۔ اس خرابی کے باعث خلائی جہاز نے سائنسی اور تکنیکی معلومات بھیجنا بند کردی ہیں، تاہم زمین پر اب بھی اس کا ریڈیو سگنل موصول ہورہا ہے، جس میں سائنسی آلات سے حاصل کردہ ڈیٹا موجود نہیں ہے۔

ایک نوری دن سے مراد وہ فاصلہ ہے جو روشنی 24 گھنٹوں میں طے کرتی ہے۔ یہ تقریباً 16 ارب میل یا 26 ارب کلومیٹر بنتا ہے۔

سی این این کے مطابق اگرچہ اس خلائی جہاز سے سائنسی معلومات نہیں آ رہیں، تاہم انجینئرز نے اس کے خالی سگنل اور رفتار کے حساب کتاب کے ذریعے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ وائجر 1 نے یہ تاریخی فاصلہ کامیابی سے طے کر لیا ہے۔

ستمبر 1977 میں خلا میں بھیجا جانے والا یہ 49 سالہ خلائی جہاز اپنی متوقع مدت سے 10 گنا زیادہ عرصہ خلا میں گزار چکا ہے۔ ناسا کے مطابق جہاز کی جانب سے خالی سگنل کا آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ اس کا نیویگیشن کمپیوٹر خلائی جہاز کا رخ اب بھی زمین کی طرف درست رکھے ہوئے ہے۔

اصل مسئلہ ممکنہ طور پر اس اندرونی کمپیوٹر میں پیدا ہوا ہے جو سائنسی آلات سے معلومات اکٹھی کرکے زمین پر بھیجنے کے قابل بناتا ہے۔ وائجر 1 پر نصب 10 سائنسی آلات میں سے بجلی بچانے کے لیے آٹھ کو پہلے ہی بند کیا جا چکا ہے اور اب صرف 2 آلات کام کر رہے ہیں۔

وائجر 1 کی ٹیم اس خرابی کو دور کرنے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہی ہے، لیکن زمین سے اس کی بے پناہ دوری اس کام کو انتہائی سست بنا دیتی ہے۔ زمین سے بھیجا گیا کوئی بھی پیغام یا کمانڈ جہاز تک پہنچنے میں 24 گھنٹے لیتی ہے اور پھر جہاز کا جواب واپس زمین تک آنے میں مزید 24 گھنٹے لگتے ہیں، جس کی وجہ سے کسی بھی چھوٹی سی تبدیلی کا نتیجہ جاننے میں 2 دن لگ جاتے ہیں۔ کیلیفورنیا میں واقع ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ ابھی تک برقرار ہے اور اس پر کام جاری ہے۔

حیرت انگیز طور پر یہ خرابی ٹھیک 3 سال پہلے 14 نومبر 2023 کو پیش آنے والے واقعے سے ملتی جلتی ہے، جب وائجر 1 نے اسی طرح ڈیٹا بھیجنا بند کر دیا تھا۔ اس وقت انجینئرز نے جہاز کے فلائٹ ڈیٹا سب سسٹم نامی کمپیوٹر کی 1 خراب چپ کی نشاندہی کی تھی۔ چونکہ خلا میں جا کر اس چپ کو بدلا نہیں جا سکتا تھا، اس لیے ناسا کے ماہرین نے سافٹ ویئر میں تبدیلیاں کرکے کمپیوٹر کی باقی میموری میں پروگرام کو ایڈجسٹ کیا، جس کے بعد اپریل 2024 میں خلائی جہاز سے سائنسی معلومات کی وصولی دوبارہ شروع ہوگئی تھی۔

ناسا نے ابھی تک اس بات کی حتمی تصدیق تو نہیں کی کہ حالیہ خرابی بھی اسی کمپیوٹر کی وجہ سے ہے، لیکن دستیاب شواہد اسی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔

اس سے قبل اکتوبر کے آخر میں بھی وائجر 1 کا زمین سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا تھا اور 2 دن تک کوئی سگنل موصول نہیں ہوا تھا۔ اگرچہ وہ مسئلہ خود بخود حل ہوگیا تھا، لیکن اس نے سائنس دانوں کو یہ یاد دلا دیا تھا کہ یہ جہاز اب اپنے آخری وقتوں میں چل رہا ہے۔ ناسا اب اس بات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ آیا اکتوبر میں رابطے کا منقطع ہونا اور حالیہ ڈیٹا کی بندش آپس میں جڑے ہوئے ہیں یا نہیں۔

یہ پیش گوئی کرنا ناممکن ہے کہ وائجر 1 مزید کتنے عرصے تک زندہ رہ سکے گا۔ دہائیوں سے مشن کنٹرولرز ہر بار یہی اندازہ لگاتے آئے ہیں کہ یہ جہاز شاید مزید 3 سے 5 سال ہی چل سکے گا، لیکن ہر بار سائنس دان اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے اس کی عمر میں اضافہ کرتے رہے ہیں۔

وائجر 1 اور اس کے جڑواں خلائی جہاز وائجر 2 کو ابتدا میں صرف پانچ سالہ مشن کے لیے تیار کیا گیا تھا تاکہ وہ مشتری اور زحل جیسے سیاروں کا مطالعہ کرسکیں۔ تاہم، دونوں خلائی جہازوں نے توقعات سے کہیں زیادہ عرصے تک کام کیا اور بالترتیب 2012 اور 2018 میں ہمارے نظامِ شمسی کی حفاظتی حد کو عبور کرکے ستاروں کے درمیانی خلا میں داخل ہوگئے، جہاں سے وہ آج بھی کائنات کے رازوں سے پردہ اٹھا رہے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles