مودی حکومت پر تنقید: کاکروچ تحریک کے رہنما کو برطانیہ جانے سے روک دیا گیا

بھارت میں نوجوانوں کی تحریک ’کاکروچ موومنٹ‘ کے رہنما سوراو داس کو برطانیہ جانے سے روک دیا گیا، جس پر انہوں نے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سوراو داس کا کہنا ہے کہ حکومت نوجوانوں کے سوالات اور اختلافی آوازوں سے خوفزدہ ہے اور کارکنوں کو بیرون ملک اپنے خیالات کے اظہار سے روک رہی ہے۔

سوراو داس کو منگل کی صبح برطانیہ جانے والی پرواز میں سوار ہونا تھا، تاہم ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انہیں روک دیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ ان کے پاسپورٹ پر تاریخ پیدائش سے متعلق تضادات کی وجہ سے نشان لگایا گیا ہے۔

بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے سوراو داس نے دستاویزات میں کسی بھی قسم کے تضاد کی تردید کی اور الزام عائد کیا کہ بھارتی حکومت نوجوان کارکنوں کو سفر کرنے اور اہم عوامی مسائل پر بات کرنے سے روکنے کے لیے سستے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے بی بی سی کے پروگرام ’نیوز آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت خوفزدہ ہے۔

سوراو داس کے بقول حکومت ’کاکروچ موومنٹ‘ اور نوجوانوں کے سوالات سے گھبراتی ہے، کیونکہ اسے پہلی بار ایسی نسل کا سامنا ہے جو براہ راست سوال اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں برطانیہ جانے سے روکنے کے واقعے سے عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ ان کے مطابق آکسفورڈ یونین کے علاوہ کیمبرج اور ایڈنبرا یونیورسٹیوں نے بھی انہیں تحریک کے حوالے سے خطاب کرنے کی دعوت دی تھی۔

کاکروچ جنتا پارٹی کی ایک اور رہنما رتنا سنگھ نے بھی سوراو داس کو پرواز میں سوار ہونے سے روکے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے سے بھارت میں آزادی اظہار اور نوجوانوں کو اپنی آواز اٹھانے کے لیے دستیاب مواقع پر سنجیدہ سوالات پیدا ہوئے ہیں۔

دوسری جانب لندن اسکول آف اکنامکس کی طلبہ یونین کے ایمنسٹی انٹرنیشنل یونٹ نے انسٹاگرام پر اعلان کیا کہ سوراو داس کی شرکت سے ہونے والی تقریب غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔

سابق صحافی سوراو داس ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے نمایاں رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ یہ تحریک ابتدا میں طنز و مزاح کے ذریعے شروع ہوئی تھی، تاہم بعد میں نوجوانوں کے حقوق اور عوامی مسائل پر آواز اٹھانے والی ایک تحریک بن گئی۔

رواں سال جولائی میں امتحانی پرچوں کے افشا ہونے کے خلاف اس تحریک کے احتجاج کے بعد بھارتی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان مستعفی ہوگئے تھے۔

اکتوبر میں تحریک کے رہنماؤں سمیت ہزاروں افراد کو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پر احتجاج کی کوشش کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔ مظاہرین نے انتخابی فہرستوں میں مبینہ بے ضابطگیوں پر احتجاج کیا تھا، تاہم گیانیش کمار اور الیکشن کمیشن نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔

اسی ماہ سوراو داس اور تحریک کے ایک اور رہنما اشوتوش رانکا کو دہلی میں ممنوعہ احتجاجی مقام پر داخل ہونے کے الزام میں گرفتار کرکے سات روز کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا۔

سوراو داس نے کہا کہ ان کی تحریک احتجاج جاری رکھے گی، تاہم فی الحال اسے سیاسی جماعت بنانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کے مطابق تحریک کا مقصد آئندہ 10 سے 20 برسوں میں بھارت کو ایک بہتر ملک بنانے کے لیے کام کرنا ہے۔

کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھجیت دپکے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر سوراو داس نے بینک لوٹا ہوتا یا مالی فراڈ کیا ہوتا تو شاید انہیں لندن جانے کی اجازت مل جاتی۔

واضح رہے کہ بھارت میں اس سے قبل بھی مختلف افراد کو بیرون ملک جانے والی پروازوں میں سوار ہونے سے روکا جا چکا ہے۔ ستمبر 2025 میں ماحولیاتی کارکن بھانو تاتک کو ڈبلن جانے سے روکا گیا تھا، جبکہ مارچ 2022 میں صحافی رانا ایوب کو ممبئی ایئرپورٹ پر لندن جانے والی پرواز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ وہ وہاں میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کو نشانہ بنائے جانے سے متعلق تقریبات میں شرکت کرنے والی تھیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles