
پاکستان اور چین نے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دیتے ہوئے ایل پی جی پلانٹ اور پیٹرول درآمدی منصوبوں سمیت اہم منصوبوں پر فوری عمل درآمد کرنے اور پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک مشترکہ کمرشل ٹیم تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ایک اہم ملاقات کے دوران ہوا۔
فریقین کے مطابق مجوزہ مشترکہ کمرشل ٹیم جاری اور نئے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے لیے ایک جامع روڈ میپ بھی تیار کرے گی۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے ایل پی جی پلانٹ، اسٹوریج اور ٹرمینل سہولیات کے منصوبے کو فوری طور پر آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا، جس کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ اس سے ملک میں ایل پی جی کی مقامی فراہمی میں اضافہ ہوگا اور قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کی ترجیح بات چیت کو عملی منصوبوں اور صنعتی ترقی میں تبدیل کرنا ہے۔
دونوں ممالک نے پیٹرول کی درآمد، اسٹوریج اور ترسیل و رسد کے انتظامات پر تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
اس کے علاوہ پاکستان میں چینی کمپنیوں کی پاکستان اسٹیٹ آئل کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے پیٹرولیم اسٹوریج، ٹرمینلز اور ڈاؤن اسٹریم توانائی کے بنیادی ڈھانچے یعنی تیل کی صفائی، ذخیرہ اندوزی اور تقسیم کے نظام میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اس موقع پر چین کے تاریخی شین ژو 24 خلائی مشن میں پاکستان فضائیہ کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کی شرکت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد ذیشان علی کی کامیابی پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایپیک 2026 میں چینی صدر شی جن پنگ کی ترجیحات پاکستان اور چین کی توانائی شراکت داری کے مشترکہ وژن کی عکاس ہیں۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کے ساتھ توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھنے اور ملک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں طے پانے والے فیصلوں کے تحت اب مجوزہ مشترکہ کمرشل ٹیم توانائی کے منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے اور سرمایہ کاری کے عملی مراحل طے کرنے کے لیے کام شروع کرے گی۔