
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور منگل کو برینٹ اور امریکی خام تیل کی قیمتیں تقریباً تین ماہ کی کم ترین سطح کے قریب رہیں۔
عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی سپلائی اور اضافی ذخائر کے خدشات نے قیمتوں پر دباؤ ڈالا، تاہم آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو لاحق خطرات کے باعث قیمتوں کو کچھ سہارا بھی ملا۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 66 سینٹ یا 0.7 فیصد کمی کے بعد 88.71 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ اس سے ایک روز قبل پیر کو برینٹ خام تیل کی قیمت 31 اگست کے بعد کم ترین سطح پر بند ہوئی تھی۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی 60 سینٹ یا 0.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 79.57 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ کاروباری سیشن کے دوران ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 26 اگست کے بعد کم ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو لاحق خطرات نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو کسی حد تک سہارا دیا۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے بتایا کہ پیر کو آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد تین خلاف ورزی کرنے والے آئل ٹینکرز میں آگ لگ گئی۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکا اس بات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ آیا ایران تقریباً 50 توانائی بردار ٹینکرز پر ہونے والے سائبر حملوں میں ملوث تھا یا نہیں۔
ادھر لیبیا میں تیل کی سپلائی بھی بحال ہو رہی ہے۔ شرارہ آئل پائپ لائن دوبارہ کھول دی گئی ہے، جس کے بعد زاویا میں تیل ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں تک خام تیل کی ترسیل شروع ہوگئی ہے۔
ڈوئچے بینک کے مطابق اکتوبر کے دوران عالمی مائع ایندھن کے ذخائر میں 5 کروڑ 20 لاکھ بیرل کا اضافہ ہوا، جو یومیہ 17 لاکھ بیرل اضافی سپلائی کے برابر ہے۔
بینک نے کہا کہ عالمی منڈی میں طلب اور رسد کا توازن بحال ہونے اور اضافی سپلائی پیدا ہونے کے شواہد میں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم تیل کی ترسیل میں ممکنہ رکاوٹیں اس عمل کو سست کر سکتی ہیں۔