14 ماہ کی کم ترین سطح پر گرنے کے بعد سونے کی قیمت میں اضافہ

، گزشتہ ہفتے 14 ماہ کی کم ترین سطح تک گرنے کے بعد پیر کے روز سونے کی قیمت میں جزوی بحالی دیکھی گئی ہے، کیونکہ سرمایہ کار امریکی مرکزی بینک فیڈرل ریزرو کے حکام کے بیانات کا جائزہ لے رہے ہیں اور شرح سود کے مستقبل سے متعلق نئے اشاروں کے لیے امریکا میں مہنگائی کے آئندہ اعداد و شمار کے منتظر ہیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق پیر کو اسپاٹ گولڈ کی قیمت دو فیصد اضافے کے ساتھ 3603.77 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ ہفتے سونے کی قیمت میں تقریباً 9 فیصد کمی آئی تھی جو مارچ کے بعد سب سے بڑی ہفتہ وار گراوٹ تھی۔

اس کے علاوہ دسمبر کی ترسیل کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 2.5 فیصد بڑھ کر 3603.20 ڈالر فی اونس ہو گئے۔

دیگر قیمتی دھاتوں میں اسپاٹ سلور 2.4 فیصد اضافے کے ساتھ 42.15 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.8 فیصد بڑھ کر 1309.86 ڈالر اور پیلیڈیم 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 894.58 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔

مارکیٹ تجزیہ کار کائل روڈا کے مطابق، ٹیکنالوجی حصص میں فروخت کے دباؤ اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سست روی کے باعث معاشی سرگرمیوں کے کمزور پڑنے کی توقعات نے منڈیوں کو امریکی شرح سود کے آئندہ راستے کی نئی قیمتوں کا تعین کرنے پر مجبور کیا ہے، جس سے سونے کو بنیادی سہارا ملا ہے۔

سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق مارکیٹ اس وقت فیڈرل ریزرو کے دسمبر کے پالیسی اجلاس میں شرح سود میں اضافے کا 93 فیصد امکان ظاہر کر رہی ہے، جو گزشتہ ہفتے کے تقریباً 100 فیصد امکانات کے مقابلے میں کچھ کم ہے۔

مارکیٹ کے شرکا اب بدھ کو جاری ہونے والے امریکی پرسنل کنزمپشن ایکسپنڈیچرز یعنی ذاتی کھپت کے اخراجات کے اعداد و شمار کے منتظر ہیں، جو مہنگائی کا ایک اہم پیمانہ ہے اور جس پر مرکزی بینک 2 فیصد افراط زر کے ہدف کے تناظر میں قریبی نظر رکھتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles