انڈونیشیا کی کارروائی، چین سے بنگلہ دیش جانے والے جہاز سے میزائل ایندھن کا کیمیکل اور سم کارڈز برآمد

انڈونیشیا کی بحریہ نے چین سے بنگلہ دیش جانے والے ایک کارگو جہاز کو تحویل میں لے لیا ہے جس سے مبینہ طور پر راکٹ اور میزائل کے ایندھن میں استعمال ہونے والے کیمیکل سوڈیم پرکلوریٹ کی 405 ٹن مقدار اور لاکھوں غیر رجسٹرڈ سم کارڈز برآمد کیے گئے ہیں۔

انڈونیشیا کی بحریہ کے ایک کمانڈر کے مطابق ضبط شدہ کیمیکل سے مبینہ طور پر 100 تک میزائل بنائے جا سکتے ہیں۔

ڈھاکا سے شائع ہونے والے اخبار ’دی بزنس اسٹینڈرڈ‘ کی رپورٹ کے مطابق کوموروس کے پرچم تلے چلنے والا جہاز ’ایم وی اسٹار لائنز‘ چین کی لیان یون گانگ بندرگاہ سے بنگلہ دیش کی مونگلا بندرگاہ جا رہا تھا کہ اسے سات نومبر کو شمالی سماٹرا کے علاقے بیلاوان کے قریب انڈونیشیا کے سمندری حدود میں روکا گیا۔

رپورٹ کے مطابق جہاز کو آٹھ نومبر کو مونگلا بندرگاہ پہنچنا تھا۔

انڈونیشیا کی بحریہ نے اس کارروائی کا باضابطہ انکشاف 20 نومبر کو بیلاوان میں نیول ریجنل کمانڈ ون کی ایک پریس بریفنگ میں کیا۔

‘ڈھاکا ٹریبیون‘ کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے بحری اہلکاروں کو جہاز کی غیر معمولی نقل و حرکت پر شک ہوا، جس نے ایندھن بھرنے کے لیے مبینہ طور پر بیلاوان کے سمندری علاقے میں غیر طے شدہ پڑاؤ کیا تھا۔

گشتی بحری جہاز ’کے آر آئی سیگالو 857‘ نے بے ضابطہ نیویگیشن طرز دیکھنے کے بعد جہاز کو روکا اور ریڈیو رابطوں کا جواب نہ ملنے پر معائنے کا حکم دیا۔

انڈونیشیا کے ادارے ’ایس آئی بی نیوز نیٹ ورک‘ کی رپورٹ کے مطابق گشتی جہاز کے ریڈار نے مشکوک سرگرمیوں کا سراغ لگایا تھا، جبکہ انڈونیشیا کی بحریہ نے یہ بھی کہا کہ جہاز نے سفر کے دوران اپنا آٹومیٹک آئیڈنٹیفکیشن سسٹم ممکنہ طور پر بند رکھا تھا، جس کے بارے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔

‘دی بزنس اسٹینڈرڈ‘ کے مطابق جہاز کے 36 کنٹینرز کے معائنے میں معلوم ہوا کہ 15 کنٹینرز میں 405 ٹن سوڈیم پرکلوریٹ منتقل کیا جا رہا تھا، جبکہ حکام نے 54 پیلٹس بھی برآمد کیے جن میں لاکھوں غیر رجسٹرڈ خالی ’فور جی ایل ٹی ای‘ سم کارڈز موجود تھے۔

سوڈیم پرکلوریٹ ایک طاقتور آکسیڈائزنگ کیمیکل ہے جو صنعتی مقاصد اور راکٹ و میزائل کے ایندھن کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے، اور یہ بذات خود دھماکہ خیز مواد یا ایندھن نہیں بلکہ جلنے کے عمل میں مدد دیتا ہے۔

انڈونیشیا کی بحریہ کی ’ریجنل کمانڈ ون‘ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل ڈینی سیپٹیان نے اس کیمیکل کو راکٹ اور میزائل کے ایندھن میں استعمال ہونے والا اسٹریٹجک مواد قرار دیا اور کہا کہ ضبط شدہ مقدار سے مبینہ طور پر 100 تک میزائل تیار کیے جا سکتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا ہے کہ اگرچہ بنگلہ دیش میں گولہ بارود اور ہلکے ہتھیار بنانے کی مقامی دفاعی صنعت موجود ہے، لیکن وہاں سوڈیم پرکلوریٹ استعمال کرنے والے راکٹ اور میزائل تیار کرنے کا بنیادی ڈھانچہ موجود نہیں ہے، جس سے اس کھیپ کے اصل مقصد اور بنگلہ دیش میں اسے وصول کرنے والے افراد کے حوالے سے سوالات پیدا ہوئے ہیں۔

ڈھاکا ٹریبیون اور انڈونیشیا کے ایس آئی بی نیوز نیٹ ورک کی رپورٹس میں جہاز کی رجسٹریشن اور شپنگ دستاویزات میں تضادات کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

ڈھاکا ٹریبیون کے مطابق دستاویزات میں جہاز کی رجسٹریشن اکتوبر 2027 تک درست درج تھی لیکن اس کا اسٹیٹس معطل دکھایا گیا تھا، جبکہ ایس آئی بی نیوز نیٹ ورک کے مطابق حکام نے پایا کہ رجسٹریشن دستاویزات 8 اکتوبر 2026 کو ختم ہو چکی تھیں اور توثیقی حیثیت معطل تھی۔

انڈونیشیا کی رپورٹ کے مطابق جہاز میں لائف رافٹس، آگ بجھانے والے آلات اور ریسکیو کشتیوں جیسے حفاظتی سامان میں ممکنہ نقائص اور خطرناک مواد کی نقل و حمل سے متعلق شپنگ قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

انڈونیشیا کی بحریہ جہاز کے عملے، کارگو دستاویزات اور شپمنٹ کے حالات کی تفتیش کر رہی ہے، تاہم حکام نے تاحال شپنگ کمپنی، کارگو مالکان، کیمیکل کے مطلوبہ وصول کنندگان یا بنگلہ دیشی درآمد کنندہ کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے، جبکہ دی بزنس اسٹینڈرڈ کے مطابق امپورٹ جنرل مینی فیسٹ سے ملکیت کا تعین کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

یہ جہاز بنگلہ دیش کی چٹگرام کے بعد دوسری بڑی بندرگاہ مونگلا جا رہا تھا، جو جنوب مغربی ضلع باگیرہاٹ میں پاشور دریا کے کنارے خلیج بنگال کے قریب واقع ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles