پی ٹی آئی ارکان نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو مسترد کردیا


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خیبر پختونخوا سے منتخب اراکین قومی اسمبلی نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا مسائل حل کرنے کے بجائے حالات کو مزید پیچید ہ بنارہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی اسمبلی کا ایک اہم ترین اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، عاطف خان، سلیم الرحمان اور صاحبزادہ صبغت اللہ سمیت دیگر پارلیمنٹیرینز نے شرکت کی۔
اجلاس میں بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت اور جیل میں ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں، خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورت حال، صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ، صوبے کے مالی و آئینی حقوق اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اسد قیصر کے مطابق شرکا نے اجلاس میں مطالبہ کیا کہ بانی چیئرمین عمران خان کو جیل مینوئل اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق تمام قانونی سہولیات فراہم کی جائیں، انہیں فوری طور پر اپنے ذاتی معالج تک رسائی دی جائے اور اہل خانہ، وکلا اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں جب کہ رہنماؤں نے واضح کیا کہ عمران خان کی صحت اور سلامتی پر کسی قسم کی غفلت یا غیر ضروری پابندی قابل قبول نہیں۔
اجلاس میں علیمہ خان کی 3 ایم پی او کے تحت گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا جب کہ شرکا نے بشریٰ بی بی کی رہائی اور انہیں قانون کے مطابق انصاف فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، محمود الرشید، اعجاز چوہدری سمیت تحریک انصاف کے تمام گرفتار رہنماؤں اور کارکنان کے مقدمات میرٹ پر چلانے، انصاف کے تقاضے پورے کرنے اور سیاسی انتقامی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، صوبائی صدر جنید اکبر خان، اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر امجد، فضل محمد خان، نسیم شاہ، اقبال آفریدی، زبیر وزیر، صوبائی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی کی گرفتاریوں اور انہیں منظر عام پر نہ لانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
شرکا نے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار رہنماؤں اور منتخب نمائندوں کو فوری طور پر منظر عام پر لایا جائے، ان کی گرفتاری کی وجوہات اور مقام سے اہل خانہ کو آگاہ کیا جائے اور اگر ان کے خلاف کوئی مقدمہ ہے تو انہیں متعلقہ عدالت میں پیش کرکے قانون کے مطابق اپنے دفاع کا مکمل حق فراہم کیا جائے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ منتخب عوامی نمائندوں کو سیاسی سرگرمیوں سے محروم کرنا اور غیر قانونی طور پر غائب کرنا جمہوری اقدار اور عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔
اجلاس کے شرکاء نے 11 اکتوبر کو گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد پی ٹی آئی کارکنان کے گھروں پر غیر قانونی چھاپوں اور تین ایم پی او کے تحت گرفتاریوں کی بھی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنان کو بے جا تنگ کرنا، چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنا اور سیاسی عمل میں شرکت سے روکنا آئین پاکستان اور بنیادی انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ شرکاء نے پی ٹی آئی کارکنان کو جلد از جلد رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔
اجلاس کے شرکا نے دہشت گردی کو جواز بنا کر خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے۔ دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرکے صوبے کے جمہوری مینڈیٹ کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
شرکا نے مطالبہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مؤثر اور فوری عمل درآمد کیا جائے اور صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے منظور کردہ قرارداد پر من و عن عمل کیا جائے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے صوبے کے سیاسی، معاشی اور انتظامی مسائل حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں جب کہ گورنر وفاق کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبے کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کے بجائے حالات کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔
اجلاس کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ بانی چیئرمین عمران خان کو جیل مینوئل اور عدالتی فیصلوں کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی جائیں، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی، اسپیکر بابر سلیم سواتی، صوبائی صدر جنید اکبر خان، صوبائی وزراء، دیگر گرفتار سیاسی رہنماؤں و کارکنان کو فوری طور پر منظر عام پر لا کر عدالتوں میں پیش کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق اپنے دفاع کا حق دیا جائے۔
اجلاس میں آئین و قانون کی بالادستی، سیاسی آزادیوں کے تحفظ، صوبے کے آئینی و مالی حقوق کی ادائیگی، عوامی مینڈیٹ کے احترام اور تمام سیاسی رہنماؤں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles