زیرِ سمندر کیبل کی خرابی، پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار کب تک سست رہے گی؟

بین الاقوامی زیر سمندر کیبل سسٹم کی مرمت کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کو مزید کئی روز تک انٹرنیٹ کی سست رفتار کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی ’ٹرانس ورلڈ‘ کی جانب سے صارفین کو بھیجی گئی ای میل کے مطابق کمپنی کو توقع ہے کہ مرمت کا کام چھ دسمبر تک مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد انٹرنیٹ کی معمول کی بہتر رفتار بحال ہو جائے گی۔

تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ تاریخ عارضی ہے اور مرمتی کام کی پیش رفت کے لحاظ سے اس میں تبدیلی آ سکتی ہے۔

اپنے تازہ پیغام میں ٹرانس ورلڈ نے 18 نومبر کو جاری کیے گئے سابقہ نوٹس کا حوالہ دیتے ہوئے تصدیق کی کہ متاثرہ بین الاقوامی زیر سمندر کیبل سسٹم پر مرمتی کارروائیاں فعال طور پر جاری ہیں۔

کمپنی کے مطابق تکنیکی ٹیموں کے ذریعے کیبل کی خرابی دور کرنے کے لیے مرمت کا باقاعدہ شیڈول طے کر لیا گیا ہے، جس کی تکمیل کے بعد انٹرنیٹ رابطے میں بہتری متوقع ہے۔

مرمتی دورانیے کے دوران صارفین کو درپیش خلل کم سے کم رکھنے کے لیے ٹرانس ورلڈ نے متبادل راؤٹنگ کا انتظام کیا ہے تاکہ انٹرنیٹ سروسز فعال رہیں۔

تاہم کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ مصروف اوقات یعنی پیک آورز کے دوران صارفین کو بدستور انٹرنیٹ کی سست رفتار کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ٹرانس ورلڈ نے صارفین کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت کرتے ہوئے مرمتی کارروائیوں کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

کمپنی کے مطابق اگر مرمتی کام طے شدہ شیڈول کے مطابق مکمل ہو گیا تو متاثرہ صارفین کو چھ دسمبر تک انٹرنیٹ کی مکمل اور بہتر رفتار میسر آ جائے گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles