
رواں سال ریکارڈ بلندیوں کو چھونے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اچانک کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں سونا خریدنے والوں جنوری 2026 سے اب تک فی تولہ سونے پر تقریباً 1 لاکھ 97 ہزار روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں 2000 ڈالر فی اونس سے زائد کی کمی آچکی ہے۔
پاکستان میں 24 قیراط سونے کی قیمت 29 جنوری کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 5 لاکھ 72 ہزار 862 روپے فی تولہ تک پہنچ گئی تھی، تاہم 21 نومبر تک یہ کم ہو کر 3 لاکھ 76 ہزار 336 روپے فی تولہ پر آ گئی۔
اس طرح سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 96 ہزار 526 روپے فی تولہ یعنی تقریباً 34.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے مقامی خریداروں کے لیے سونا خاصا سستا ہو گیا ہے، لیکن جنوری کی بلند ترین قیمتوں پر خریداری کرنے والے سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی اسی نوعیت کی بڑی تبدیلی دیکھی گئی ہے، جہاں جنوری میں سونے کی قیمت تقریباً 5600 ڈالر فی اونس تک پہنچنے کے بعد گر کر اب تقریباً 3538 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی ہے۔
عالمی منڈی میں یہ گراوٹ 2000 ڈالر فی اونس سے زائد بنتی ہے جو مجموعی قدر کا تقریباً 37 فیصد ہے۔
چاندی کی قیمتوں میں تو سونے کے مقابلے اور بھی زیادہ شدید مندی دیکھنے میں آئی ہے۔
عالمی منڈی میں جنوری کے دوران چاندی کی قیمت تقریباً 121 ڈالر فی اونس کی بلند سطح پر تھی جو اب گر کر تقریباً 41 ڈالر فی اونس رہ گئی ہے، یوں اس کی بلند ترین قدر کا تقریباً 66 فیصد حصہ ختم ہو گیا ہے۔
اسی طرح پاکستان میں بھی چاندی کی قیمت جنوری میں 12 ہزار 175 روپے فی تولہ کی ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے بعد کم ہو کر 4600 روپے فی تولہ پر آ گئی ہے، جو 7575 روپے یا 62 فیصد سے زائد کی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
روایتی طور پر جنگوں، مہنگائی اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے دوران سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے، تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ فروخت کے دباؤ کی وجہ قیمتی دھاتوں کی منڈی سے متعلق سرمایہ کاروں کی بدلتے ہوئے توقعات اور امریکی ڈالر کی مضبوطی ہے۔
امریکا اور ایران جنگ کے دوران تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے بھی اس صورتحال میں کردار ادا کیا ہے، جبکہ متعدد سرمایہ کار قیمتی دھاتیں فروخت کر کے ڈالر پر مبنی اثاثوں کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔
امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث دیگر کرنسیاں استعمال کرنے والے خریداروں کے لیے سونا مہنگا ہو گیا ہے، جس سے بین الاقوامی طلب کمزور ہوئی اور قیمتوں پر دباؤ بڑھا۔
مالیاتی منڈیوں کے سرمایہ کار اب شرح سود سے متعلق اشاروں کے لیے امریکی مرکزی بینک فیڈرل ریزرو کے آئندہ پالیسی اجلاس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق مالیاتی پالیسی میں مزید سختی کا کوئی بھی اشارہ سونے اور چاندی پر اضافی دباؤ ڈال سکتا ہے، تاہم ڈالر کی قدر میں کمی یا محفوظ اثاثوں کی طلب میں دوبارہ اضافہ قیمتوں کی بحالی میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔