ایف بی آئی کے ڈیٹا بیس پر سائبر حملہ، صدر ٹرمپ کا ناگواری کا اظہار

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایف بی آئی کے حساس ڈیٹا بیس میں ہیکرز کی مبینہ رسائی کی اطلاعات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اچھی بات نہیں، انہیں اس واقعے کی اطلاع ابھی ملی ہے۔

’فاکس نیوز‘ کو ہفتے کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ سے جب ایف بی آئی کے ڈیٹا بیس پر مبینہ سائبر حملے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں اس واقعے کی اطلاع ابھی ملی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے 20 نومبر کو رپورٹ کیا تھا کہ ہیکرز نے ایف بی آئی کے نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر (این سی آئی سی) تک ممکنہ طور پر غیر مجاز رسائی حاصل کی ہے۔ ادارہ اس سکیورٹی خلاف ورزی کی تحقیقات کر رہا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ کون سا ڈیٹا متاثر ہوا یا ہیکرز کس حد تک نظام تک پہنچے۔

این سی آئی سی امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اہم معلوماتی نظام ہے، جس کے ذریعے وفاقی، ریاستی اور مقامی پولیس ادارے گرفتاری کے وارنٹس، مطلوب افراد کے ریکارڈ اور مجرمانہ پس منظر سمیت حساس معلومات کا تبادلہ کرتے ہیں۔

ادھر امریکی محکمہ زراعت کے کسانوں کو ادائیگیاں کرنے والے نظام پر بھی سائبر حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ محکمہ اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ آیا اس کے نیٹ ورک کے دیگر حصے بھی متاثر ہوئے ہیں۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران امریکہ کے ہوا بازی، بینکاری اور قومی سلامتی سے متعلق نظاموں میں بھی سائبر حملوں اور تکنیکی تعطل کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ ان واقعات کے بعد ملک کے اہم ڈیجیٹل نظاموں کے تحفظ پر توجہ بڑھ گئی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صدر ٹرمپ نے اسی ہفتے وائٹ ہاؤس کے نیشنل سائبر ڈائریکٹر شان کرین کراس کو عہدے سے برطرف کیا تھا۔

ٹرمپ نے ان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس ذمہ داری کے لیے موزوں نہیں تھے۔ تاہم ان کی برطرفی اور ایف بی آئی کے ڈیٹا بیس میں مبینہ مداخلت کے درمیان کسی براہِ راست تعلق کی تصدیق نہیں ہوئی۔

گزشتہ برس ستمبر میں بھی ایف بی آئی نے سائبر جرائم پیشہ گروپ شائنی ہنٹرز کے مبینہ حملے کی تحقیقات کی تصدیق کی تھی۔ اس گروپ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایف بی آئی کے تقریباً 38 ہزار ملازمین کی حساس معلومات چوری کی ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles