ملک ایک تاریخی معاشی بحران سے گزر رہا ہے، لگتا ہے اس میں مزید اضافہ ہوگا: بلاول بھٹو


پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت تاریخی معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور لگتا ہے کہ معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے ساتھ ڈیزل، بجلی اور گیس کے بلوں کا بوجھ بھی اٹھا رہے ہیں۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات سب کے سامنے ہیں، انہوں نے اپنی زندگی میں اتنا مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا، موجودہ حالات میں معاشی مشکلات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمارے خطے میں جنگ کے حالات ہیں اور امریکا اور ایران کی جنگ کا معاشی بوجھ ہر شہری اپنے کندھوں پر اٹھا رہا ہے، انہیں فی الحال کوئی امن معاہدہ ہوتا نظر نہیں آرہا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ دنیا بھر کی حکومتوں کی توجہ اس بات پر ہے کہ معاشی بحران کے دوران عوام کو کس طرح ریلیف فراہم کیا جائے تاہم پاکستان میں عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا سامنا کر رہے ہیں اور ڈیزل، بجلی اور گیس کے بلوں کی صورت میں معاشی بوجھ برداشت کر رہے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست دانوں اور حکمرانوں نے عوامی مسائل اور ان کی تکالیف پر توجہ دینا چھوڑ دی ہے حالاں کہ ہم جانتے ہیں کہ عوام کو کن معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ چھوٹے ہاریوں اور کسانوں کی نمائندگی کی ہے اور وہ سندھ کے چھوٹے زمینداروں کی مدد کرنا چاہتے ہیں، صفر سے 25 ایکڑ تک اپنی زمین خود کاشت کرنے والے کسانوں کی مدد کی جائے گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کی مدد اور بہتری کے لیے سوچتی ہے، اس وقت عوام کو ریلیف فراہم کرنا ان کی جماعت کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کو علاج معالجے کی مفت سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بڑی مشکل سے بچایا گیا، وزیراعظم کو معاشی مشکلات سے ملک کو نکالنے کے لیے اقدامات کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ انہوں نے دو مرتبہ شہباز شریف کو وزیراعظم بنایا اور وہ وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم کی کامیابی کیلئے دعاگو ہوں، دعا ہے شہباز شریف مدت پوری کرنے والے پہلے وزیراعظم بنیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles