ایران پر مشترکہ حملوں کے لیے موساد چیف کا امریکا میں گٹھ جوڑ بے نقاب

برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین نے گزشتہ ہفتے امریکی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ فوجی حملوں کے لیے حکام کو منانے کی کوشش کی ہے۔

رائٹرز کے مطابق، اس دورے پر بریفنگ لینے والے دو باخبر افراد نے بتایا کہ رومن گوفمین نے واشنگٹن میں سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سمیت ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں ایران کے حوالے سے اسرائیلی انٹیلی جنس معلومات پر بریفنگ دی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق موساد کے سربراہ نے میامی کا سفر بھی کیا جہاں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف سے ملاقات کی، جو ایران اور یوکرین کے معاملات پر امریکی سفارت کاری کی قیادت کر رہے ہیں۔

یہ دورہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نو نومبر کو قطر کے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ وہ فی الحال ایران پر حملے روک رہے ہیں۔

واضح رہے کہ قطر امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے تاکہ خطے کو مکمل جنگ کی طرف واپسی سے بچایا جا سکے۔

سفارتی کوششوں میں شامل ایک اور ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹعرز کو بتایا کہ خلیجی رہنماؤں نے بھی صدر ٹرمپ سے رابطہ کر کے درخواست کی ہے کہ وہ ایران پر حملہ نہ کریں، کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ تہران جوابی کارروائی کرتے ہوئے عرب ریاستوں کو نشانہ بنانے کی اپنی دھمکیوں پر عمل کر سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسی دوران اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے قریبی معتمد اور سابق وزیر رون ڈرمر بھی امریکا میں موجود تھے، جنہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کے حکام سے ملاقاتوں میں ایران پر مشترکہ حملے کے حق میں دلائل دیے۔

رائٹرز کا کہنا ہے کہ موساد چیف اور رون ڈرمر کی ان کوششوں کا مقصد نیتن یاہو کے اس مؤقف پر صدر ٹرمپ کو قائل کرنا ہے کہ ایران پر حملہ کرنے کا موقع تیزی سے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اسرائیل کو تشویش ہے کہ امریکا رواں برس کے اختتام سے قبل خطے میں اپنی بڑی فوجی تعیناتی میں کمی شروع کر سکتا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کا ماننا ہے واشنگٹن کی اقتصادی دباؤ کی مہم ایران کے لیے اس قدر تباہ کن ثابت ہو رہی ہے کہ فی الحال کسی بڑی فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں ہے۔

تاہم عہدیدار نے واضح کیا کہ صدر کے پاس یہ یقینی بنانے کے لیے تمام آپشنز موجود ہیں کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔

وائٹ ہاؤس اور سی آئی اے نے موساد کے سربراہ اور جان ریٹکلف کے درمیان ہونے والی ملاقات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے، جبکہ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے بھی اس پر کوئی فوری ردعمل نہیں دیا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب گزشتہ ماہ ہونے والے غیر فیصلہ کن انتخابات کے بعد بنجمن نیتن یاہو بطور نگراں وزیراعظم خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہیں اقتدار سے محروم ہونے کے خطرے کا سامنا ہے۔

سیاسی مخالفین نے نیتن یاہو پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنی کمزور ہوتی سیاسی پوزیشن کو سہارا دینے کے لیے تنازع کو ہوا دینا چاہتے ہیں، تاہم وہ اس الزام کی تردید کرتے ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ خود اسرائیلی فوج کا اندازہ ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل کو کوئی فوری خطرہ لاحق نہیں ہے اور فوری فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں ہے، اگرچہ اسرائیلی فوج نے اس پر باضابطہ تبصرہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملے سے جنگ کا آغاز ہوا تھا جس میں ایران کے اعلیٰ ترین رہنما جاں بحق ہو گئے تھے اور اس کے جواب میں ایران نے خلیجی عرب ریاستوں پر حملے کیے تھے۔

اگرچہ اپریل سے ایک نازک جنگ بندی باضابطہ طور پر برقرار ہے، لیکن امریکا اور ایران کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے اور رواں ہفتے بھی امریکا نے ایک ایرانی جزیرے پر بمباری کی جبکہ ایران نے کویت اور بحرین پر حملے کیے۔

حالیہ ہفتوں میں صدر ٹرمپ ایران پر نئے حملوں کی دھمکیوں اور کشیدگی کم کرنے کے بیانات کے درمیان متذبذب دکھائی دیتے ہیں، اور امریکی حکام کے مطابق وہ ابھی تک اس غیر مقبول ہوتے تنازع کو حل کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں کر پائے ہیں۔

دریں اثنا دو یورپی حکام نے بھی اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ ایرانی معیشت شدید دباؤ میں ہے، لیکن حکومت کے خاتمے کے کوئی آثار نظر نہیں آتے اور یہ بھی واضح نہیں کہ امریکا اور اسرائیل نئی فوجی کارروائی سے کیا مقاصد حاصل کر سکیں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles