
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان کے قریب سمندر میں بین الاقوامی سب میرین کیبل ’ایس ایم ڈبلیو فائیو‘ میں خرابی کا اعلان کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو سست رفتار اور کنیکٹیویٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق بین الاقوامی سب میرین کیبل میں خرابی پاکستانی ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر دور رپورٹ ہوئی ہے، جب کہ کیبل کی بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ خرابی کی نوعیت معلوم کرنے اور سروس کی بحالی کے متوقع وقت کا تعین کرنے کے لیے متعلقہ ادارے کام کر رہے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق وہ خرابی کی اصل وجہ معلوم کرکے اس کی مرمت کے لیے ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے) کی ’ایس ایم ڈبلیو فائیو‘ کنسورشیم کے ساتھ رابطے میں ہے۔
اعلامیے کے مطابق اس خرابی کے انٹرنیٹ سروسز پر اثرات کم کرنے کے لیے ٹریفک متبادل بین الاقوامی کیبلز اور لنکس پر منتقل کی جا رہی ہے تاکہ صارفین کو ممکنہ حد تک بلا تعطل انٹرنیٹ فراہم کیا جا سکے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے سب میرین کیبل کی خرابی دور کرنے کے لیے متحرک ہیں، جبکہ اتھارٹی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز معمول کے مطابق بحال رکھنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔