میر رضا کیس: جبران ناصر کا وزیر داخلہ سندھ کو خط، انکوائری کمیٹی پر سوالات اٹھادیے


کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد میں تاخیر پر وکیل جبران ناصر نے وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کو خط لکھ دیا، جس میں تحقیقاتی کمیٹیوں کی کارکردگی، محکمہ جاتی کارروائیوں اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے اجلاسوں میں رینجرز نمائندے کی عدم شرکت پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
میر رضا کیس کے وکیل جبران ناصر نے خط میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کے لیے قائم کابینہ سب کمیٹی سے پیشرفت رپورٹ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا  ہے۔
خط کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار علی لارک کی سربراہی میں 23 اکتوبر کو قائم کی گئی انکوائری کمیٹی کو 26 روز گزرنے کے باوجود متوفی کے اہل خانہ کو تحقیقات میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
جبران ناصر نے میر رضا قتل کیس میں نامزد افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ قتل کی تحقیقات کے لیے قائم 3 رکنی کمیٹی کی حتمی تشکیل اور پیشرفت سے بھی اہل خانہ لاعلم ہیں۔
خط میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے اجلاسوں میں رینجرز نمائندے کی مسلسل عدم شرکت پر تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
جبران ناصر کے مطابق رینجرز نمائندے کی عدم شرکت سے تحقیقات کی شفافیت پر سوالات اٹھ سکتے ہیں۔ انہوں نے رینجرز حکام سے مطالبہ کیا کہ سپرنٹنڈنٹ عاکف علی کی جے آئی ٹی اجلاسوں میں شرکت یقینی بنائی جائے اور تحقیقات میں غیر ضروری تاخیر ختم کرکے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو فوری پیشرفت کی ہدایت دی جائے۔
میر رضا کے وکیل نے ڈاکٹر اسامہ شیخ کے خلاف جاری محکمہ جاتی انکوائری میں شفافیت یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا جب کہ  خط میں ڈاکٹر اسامہ شیخ پر انکوائری سے متعلق مواد میڈیا کو لیک کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
جبران ناصر نے شہریار میمن کے خلاف محکمہ جاتی انکوائری کی پیشرفت اور نتائج سے بھی اہل خانہ کو آگاہ کرنے کی درخواست کی ہے۔
جبران ناصر نے وزیر داخلہ سندھ سے تمام انکوائریوں پر قانون کے مطابق فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے خط کی نقول وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز اور وفاقی وزیر داخلہ کو بھی ارسال کردی ہیں۔
میر رضا کیس کا پس منظر
واضح رہے کہ کراچی کا 25 سالہ نوجوان تاجر میر رضا علی 28 جولائی کو کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں اپنی رہائش گاہ سے لاپتا ہوئے تھے جب کہ اگلے روز ان کی لاش گلستانِ جوہر کے ایک ویران مقام سے ملی۔ پولیس نے ابتدا میں واقعے کو ممکنہ خودکشی کے طور پر دیکھا تاہم اہلِ خانہ نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے قتل کا شبہ ظاہر کیا اور واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم اور پولیس کی تفتیش پر سوالات اٹھنے کے بعد عدالت نے 6 اگست کو قبرکشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کی اجازت دی، میڈیکل بورڈ کی تشکیل پر تنازع کے باعث کارروائی میں تاخیر ہوئی اور بالآخر 8 اگست کو قبرکشائی کرکے میر رضا کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ میں گولی کے زخم اور اس کے جسم سے گزرنے کے راستے سے متعلق تفصیلات سامنے آئیں، جنہیں خودکشی کے ابتدائی مؤقف سے مطابقت نہ رکھنے والا قرار دیا گیا۔ اس کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعہ بھی شامل کی گئی۔
معاملے کی تحقیقات کے لیے سندھ حکومت نے 24 اگست کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں عدالتی کمیشن قائم کیا تاہم کمیشن نے واقعے کے حالات، پولیس کی ابتدائی تفتیش، طبی شواہد اور شواہد جمع کرنے کے طریقۂ کار کا جائزہ لیا۔
2 ستمبر کو سندھ ہائی کورٹ نے اہلِ خانہ کی جانب سے آزاد اور کثیر ادارہ جاتی جے آئی ٹی بنانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ جے آئی ٹی تشکیل دینا حکومت کا اختیار ہے۔
20 اکتوبر کو کمیشن نے 62 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں پولیس کی تفتیش کو شدید ناکامی قرار دیا جب کہ کمیشن کی رپورٹ میں میر رضا کی موت کو قتل قرار دیا گیا اور پولیس کی تفتیش میں سنگین خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔ رپورٹ میں مزید تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے اور ممکنہ غفلت یا شواہد میں رد و بدل کے پہلوؤں کی جانچ کی سفارش بھی کی گئی۔
عدالتی کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں 24 اکتوبر کو سندھ حکومت نے کیس کی مزید تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی عرفان بلوچ کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی، جے آئی ٹی میں رینجرز، وفاقی انٹیلی جنس اداروں اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے نمائندے بھی شامل ہوں گے جب کہ تحقیقاتی ٹیم کو واقعے سے متعلق شواہد کا ازسرنو جائزہ لینے اور ابتدائی تفتیش میں سامنے آنے والے سوالات کا جواب تلاش کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
جے آئی ٹی کی تشکیل کے بعد 2 نومبر کو میر رضا کیس کا تحقیقاتی ریکارڈ باقاعدہ طور پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کردیا گیا۔ تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری نے کیس سے متعلق تمام دستاویزات اور ریکارڈ جے آئی ٹی کو منتقل کرنے کی تصدیق کی تھی۔
3 نومبر کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے حتمی چالان جمع نہ کرانے پر جے آئی ٹی سربراہ ڈی آئی جی عرفان بلوچ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 نومبر تک جواب طلب کیا۔ بعد ازاں 4 نومبر کو عدالت نے نئے تفتیشی افسر ڈی ایس پی فرید احمد خان کو تحقیقات مکمل کرنے کے لیے مزید 10 روز کی مہلت دے دی۔
جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس 7 نومبر کو ہوا، جس کے بعد 13 نومبر کو تحقیقاتی ٹیم کا دوسرا اجلاس ڈی آئی جی ویسٹ آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے کی، جس میں مختلف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں میر رضا کے اہلِ خانہ، ان کے کاروباری شراکت دار احمد بھردے اور ان کے بھائی کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ اس کے علاوہ سابق ایس آئی او فیروز آباد شبیر لغاری، سی آئی اے افسر غوث بخش اعوان، تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری، سابق ایس ایچ او فیروز آباد عدیل افضل اور سابق ایس ایچ او گلستانِ جوہر کامران قریشی سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے میر رضا کے کاروباری معاملات، مالی لین دین اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا جائزہ بھی شروع کردیا ہے۔ ان افراد کو بھی مرحلہ وار طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کے میر رضا کے ساتھ مالی یا کاروباری معاملات رہے تھے۔
13 نومبر کو ہی جے آئی ٹی کی جانب سے میر رضا کے کاروباری شراکت دار کا لائسنس یافتہ پستول تحویل میں لینے کی پیش رفت بھی سامنے آئی۔ ڈی آئی جی عرفان بلوچ کے مطابق پستول کو فرانزک تجزیے کے لیے پولیس کی فرانزک سائنس لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔
جے آئی ٹی نے کاروباری شراکت دار کے زیر انتظام رہنے والی فوڈ چین کا ریکارڈ بھی تحویل میں لیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم اسلحے، مالی لین دین اور دیگر دستیاب شواہد کی روشنی میں کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔
14 نومبر کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے میر رضا قتل کیس کی تحقیقات مکمل کرنے اور حتمی چالان جمع کرانے کے لیے جے آئی ٹی کو مزید 10 روز کی مہلت دے دی۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے 14 روز کا وقت مانگا تھا تاہم عدالت نے 10 روز کی مہلت منظور کرتے ہوئے جے آئی ٹی اجلاسوں کی کارروائی کے منٹس بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے متعلقہ الیکٹرانک آلات کی لائیو فرانزک جانچ کی اجازت بھی دے دی، جس میں میر رضا، ان کے کاروباری شراکت دار اور دیگر متعلقہ افراد کے ڈیجیٹل آلات شامل ہیں۔
میر رضا کیس میں پولیس کی ابتدائی تفتیش میں غفلت برتنے پر سابق ایس ایچ او گلستانِ جوہر سب انسپکٹر کامران قریشی کو 14 نومبر کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے محکمانہ انکوائری اور جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں برطرفی کے احکامات جاری کیے۔
محکمانہ انکوائری میں سامنے آیا کہ میر رضا کی لاش ملنے کے بعد سابق ایس ایچ او خود جائے وقوعہ پر نہیں پہنچے تھے اور نہ ہی کرائم سین یونٹ کو بروقت اطلاع دی گئی تھی۔ اس غفلت کے باعث جائے وقوعہ کو فوری طور پر محفوظ نہیں بنایا جاسکا، جس سے فرانزک شواہد جمع کرنے میں تاخیر ہوئی اور اہم شواہد ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق سابق ایس ایچ او کو پہلے معطل کیا گیا تھا اور ان کے خلاف محکمانہ انکوائری بھی کی گئی۔ انہیں اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا، تاہم ان کی وضاحت تسلی بخش قرار نہیں دی گئی، جس کے بعد انہیں ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔
جے آئی ٹی اب میر رضا کے قتل کے محرکات، کاروباری شراکت داروں کے کردار، مالی لین دین، ڈیجیٹل شواہد اور ابتدائی پولیس تفتیش میں ہونے والی ممکنہ غفلت کا ازسرنو جائزہ لے رہی ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو بھی موبائل فون، ایپل واچ، آئی کلاؤڈ، سوشل میڈیا اور کرپٹو کرنسی سے متعلق ڈیجیٹل ریکارڈ کا تکنیکی تجزیہ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles