
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے نیا انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات غیر معینہ مدت تک ملتوی نہیں ہو سکتے، 125 یونین کونسلز کی حلقہ بندی مکمل، انتخابی پروگرام قانون کے مطابق جاری ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے نیا انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی پروگرام آئی سی ٹی مقامی حکومت ایکٹ 2015، الیکشنز ایکٹ 2017 اور متعلقہ قواعد کے تحت جاری کیا جائے گا۔
تفصیلی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کی مقامی حکومت کی مدت 14 فروری 2021 کو ختم ہوئی، اس دوران 6 مرتبہ حلقہ بندیاں اور 4 مرتبہ انتخابی شیڈول جاری کیا گیا تاہم قانونی ترامیم اور انتظامی رکاوٹوں کے باعث انتخابات کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا۔
وفاقی حکومت کا مقامی حکومت ترمیمی آرڈیننس 2026 چھ ستمبر کو ختم ہونے کے بعد آئی سی ٹی مقامی حکومت ایکٹ 2015 بحال ہو گیا ہے جب کہ تازہ حلقہ بندیاں 14 اکتوبر کو 125 یونین کونسلز کی بنیاد پر مکمل کی گئیں۔
الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ انتخابات غیر معینہ مدت تک ملتوی نہیں کیے جا سکتے اور آرڈیننس کے خاتمے سے کمیشن کا آئینی اختیار ختم نہیں ہوتا۔
الیکشن کمیشن نے تمام متعلقہ اداروں کو انتخابی عمل میں معاونت یقینی بنانے اور انتخابی شیڈول سمیت تمام قانونی و انتظامی اقدامات تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی حکومت کی مدت 14 فروری 2021 کو ختم ہوگئی تھی، جس کے بعد سے انتخابات کے انعقاد کے لیے متعدد مرتبہ حلقہ بندیاں اور انتخابی شیڈول جاری کیے گئے، تاہم قانونی ترامیم اور انتظامی مسائل کے باعث انتخابی عمل آگے نہ بڑھ سکا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے مقامی حکومت کے قانون میں ترامیم اور نئے آرڈیننس کے اجرا کے باعث بھی انتخابی عمل متاثر ہوا۔ بعد ازاں 6 ستمبر 2026 کو مقامی حکومت ترمیمی آرڈیننس کی مدت ختم ہونے پر آئی سی ٹی مقامی حکومت ایکٹ 2015 دوبارہ بحال ہوگیا۔
تازہ حلقہ بندیوں میں اسلام آباد کو 125 یونین کونسلز میں تقسیم کیا گیا، جن کی حلقہ بندیاں 14 اکتوبر کو مکمل ہوئیں۔ اب الیکشن کمیشن نے نئے انتخابی شیڈول کے فوری اجرا کی ہدایت کرتے ہوئے انتخابی عمل آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔