
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ پیپلزپارٹی اگر پنجاب کی تقسیم کی حامی ہے تو سندھ کے معاملے پر خونریزی کی باتیں کس بنیاد پر کی جارہی ہیں؟
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مئی 2012 میں پنجاب کی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی حمایت کی جا سکتی ہے تو سندھ کی تقسیم کے معاملے پر مختلف مؤقف کیوں اختیار کیا جاتا ہے؟
ملک احمد خان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سیاسی طور پر باشعور اور جمہوری اداروں پر یقین رکھنے والے رہنما ہیں، اس لیے انہیں اپنے مؤقف میں اس فرق کی وضاحت کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے حوالے سے آئین میں طریقہ کار موجود ہے اور اس عمل میں حاکمِ اعلیٰ خود بولتا ہے، جبکہ پاکستان کے عوام حاکمِ اعلیٰ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جمہوریت میں بات چیت اور مکالمے کے حامی ہیں۔ آئین بھی بات چیت کے ذریعے وجود میں آیا اور مذاکرات کے ذریعے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سنجیدہ مباحثے کی ضرورت ہے اور اس معاملے پر بات چیت جاری رہنی چاہیے۔
بلاول بھٹو کے خونریزی سے متعلق بیان پر سوال
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بلاول بھٹو زرداری کے اس بیان پر بھی سوال اٹھایا جس میں انہوں نے سندھ کی زبردستی تقسیم کی کوشش کی صورت میں کراچی کی سڑکوں پر خون بہنے کے خدشے کا اظہار کیا تھا۔
ملک محمد احمد خان نے سوال اٹھایا کہ سندھ کی تقسیم کے معاملے پر خونریزی کس بنیاد پر ہوگی؟ کیا سندھ کی وحدت کے نام پر تشدد کی گنجائش پیدا کی جا سکتی ہے؟
انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کی صورت میں خون خرابے کے خدشات ظاہر کیے جاتے ہیں تو کیا یہ مؤقف سندھی قومیت یا علاقائی شناخت کے تصور سے جڑا ہوا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے مستقبل اور قومی وحدت سے متعلق ایسے سوالات پر سنجیدہ بحث ہونی چاہیے۔
ملک احمد خان نے واضح کیا کہ وہ بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کا احترام کرتے ہیں۔ ان کے مطابق آصف زرداری کی خوبی یہ ہے کہ وہ دوسروں کی بات سنتے ہیں، تاہم سیاسی مؤقف پر سوال اٹھانا بھی جمہوری عمل کا حصہ ہے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے گزشتہ چند روز سے جاری افواہوں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہ وزیر اعلی بننا چاہتے ہیں اور نہ ایسی سوچ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مہم جان بوجھ کر چلائی جا رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کیا کہا تھا؟
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز نئے صوبوں کے قیام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر سندھ کی زبردستی تقسیم کی کوشش کی گئی تو کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا اور معاملہ دشمنی تک پہنچ جائے گا۔
انہوں نے ریفرنڈم کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ نظام کی بہتری کے لیے ضروری تبدیلی غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ہونی چاہیے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ نظام تباہ ہو چکا ہے، تاہم اس بات پر بحث نہیں ہوتی کہ آخر یہ نظام تباہ کیوں ہوا۔