مریم نواز نے پنجاب میں پنچایتی نظام کی منظوری دے دی


وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں تنازعات کے باہمی تصفیے کے لیے روایتی پنچایتی نظام کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت یونین کونسل، موضع اور گاؤں کی سطح پر پنچائیت کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔
مریم نواز کی زیر صدارت منعقدہ ایک اہم اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ پنچایت کمیٹیاں فریقین کی باہمی رضامندی سے چھوٹے موٹے تنازعات کو حل کرنے کا کام کریں گی اور اس نظام کامقصد نچلی سطح پر عوام کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنچایت پروگرام کے لیے ایک جامع قواعد و ضوابط کا پلان طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پنچایت کے اختیارات کے لیے انتہائی واضح ضابطے مرتب کیے جائیں، اور اس سلسلے میں باقاعدہ طور پر پنجاب پنچایت ایکٹ متعارف کرایا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے جھگڑوں کا ثالثی کے ذریعے تصفیہ کرنا پنجاب کی ایک پرانی اور خوبصورت روایت ہے، اور موجودہ حکومت عوام کو نچلی سطح پر اختیارات میں شریک کر کے انہیں اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار دینا چاہتی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس نظام کے نفاذ سے عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کا بوجھ نمایاں طور پر کم ہوگا کیونکہ پنچایت کے ذریعے تنازعات کا فوری، آسان اور سستا حل ممکن ہو سکے گا۔ حکومت اس اقدام کے ذریعے ریاست کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرتے ہوئے انصاف کو عام آدمی کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے، اور آئندہ کے مراحل میں اس نظام کو فعال بنانے کے لیے قانونی و انتظامی امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles