سمندر سندھ کی زمین نگلنے لگا، تقریباً 6 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور


سندھ کے ساحلی علاقوں میں سمندر کی بڑھتی ہوئی پیش قدمی اور دریائے سندھ کے میٹھے پانی کی قلت نے انڈس ڈیلٹا کی بقا کو خطرے میں ڈال دیا ہے، جس کے باعث اب تک تقریباً 6 لاکھ افراد اپنے آبائی علاقوں سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔
زرعی زمینیں بنجر ہونے اور روزگار کے روایتی ذرائع ختم ہونے سے ساحلی آبادی کو شدید معاشی اور ماحولیاتی مشکلات کا سامنا ہے، تاہم تمر کے جنگلات کی بحالی کے اقدامات سے اس خطے کے تحفظ کی امید بھی پیدا ہوئی ہے۔
سندھ کی ساحلی پٹی ماضی میں زرخیز زمینوں، نایاب پرندوں اور آبی حیات کے لیے اہم مقام رکھتی تھی، لیکن ماحولیاتی تبدیلیوں اور دریائے سندھ کے میٹھے پانی کا بہاؤ کم ہونے کے باعث سمندری پانی تیزی سے خشکی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی کے اعداد و شمار کے مطابق 1980 اور 1990 کی دہائی سے اب تک انڈس ڈیلٹا کا بڑا حصہ سمندر برد ہوچکا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے ہیں۔
مقامی ماہی گیروں اور متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ زمین کی زرخیزی ختم ہونے اور ماہی گیری کے مواقع محدود ہونے کے باعث ان کے لیے آبائی علاقوں میں رہنا مشکل ہوگیا ہے۔
انڈس ڈیلٹا کے تحفظ اور ساحلی کٹاؤ کی روک تھام کے لیے تمر، یعنی مینگرووز کے جنگلات کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
یہ جنگلات ساحلی ماحولیاتی نظام کو برقرار رکھنے اور سمندری طوفانوں کے اثرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
محکمہ جنگلات سندھ کے مطابق گزشتہ 15 برسوں کے دوران ساحلی علاقوں میں 3 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر مینگرووز کے جنگلات بحال کیے جا چکے ہیں۔
کوسٹل فاریسٹ ڈویژن کراچی کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر شہزاد صادق اور محکمہ جنگلات کے دیگر حکام کی نگرانی میں جاری ان منصوبوں کا مقصد سمندری طوفانوں اور ساحلی کٹاؤ کے خلاف قدرتی حفاظتی حصار کو مضبوط بنانا ہے۔

ماحولیاتی ماہرین کے مطابق انڈس ڈیلٹا کے طویل مدتی تحفظ اور مقامی آبادی کی مزید نقل مکانی روکنے کے لیے صرف مینگرووز کے جنگلات کی بحالی کافی نہیں، بلکہ دریائے سندھ کا میٹھا پانی سمندر تک پہنچانا بھی ضروری ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ساحلی کٹاؤ روکنے کے لیے مربوط اقدامات اور دریائے سندھ کے پانی کا مطلوبہ بہاؤ یقینی بنا کر ہی اس قدرتی خطے اور اس سے وابستہ لاکھوں افراد کے روزگار کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles