
کراچی کے علاقے گڈاپ میں پولیس نے سرکاری پائپ لائن سے خام تیل چوری کرنے والے منظم گروہ کے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق گروہ کا سراغ اس وقت ملا جب گشت پر مامور اہلکاروں نے ایک مشکوک ٹرک روک کر تلاشی لی۔ ٹرک میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں چوری شدہ خام تیل برآمد ہونے پر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔
دوران تفتیش ملزم کی نشاندہی پر مزید چھاپے مارے گئے، جن کے نتیجے میں گروہ کے چار دیگر کارندے بھی گرفتار کرلیے گئے۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچنے کے لیے ایک جھونپڑی کے اندر زمین کھود کر 200 فٹ طویل سرنگ بنائی تھی، جس کے ذریعے سرکاری آئل پائپ لائن تک رسائی حاصل کی گئی تھی۔
ملزمان نے پائپ لائن پر لوہے کا مخصوص کلپ نصب کرکے اس کے ساتھ پریشر پائپ جوڑ رکھا تھا، جس کے ذریعے خام تیل ٹینکروں اور خفیہ خانوں والی گاڑیوں میں منتقل کیا جاتا اور بعد ازاں مختلف مقامات پر سپلائی کیا جاتا تھا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران تیل چوری میں استعمال ہونے والے آلات، پریشر پائپ اور تیل سے بھری گاڑی بھی تحویل میں لے لی ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے، جس میں گروہ کے سرپرستوں، چوری شدہ تیل خریدنے والوں اور دیگر سہولت کاروں کا پتا لگایا جا رہا ہے۔