
کراچی میں ڈیفنس لائبریری روڈ پر ٹرک ڈرائیورکی بدمعاشی ،ٹریفک پولیس اہلکار نے بےقابو ٹرک کو روکنے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے ٹرک روکنے کے بجائے ٹریفک پولیس کی گاڑی پر چڑھا دیا، حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور کی فرار کی کوشش ٹریفک پولیس اہلکار نے ناکام بنا دی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کی شام ڈیفنس لائبریری روڈ پر پیش آیا، جہاں سامان سے لدے ایک ٹرک کو سڑک پر لہراتے دیکھ کر کار میں سوار ٹریفک پولیس اہلکار نے اسے روکنے کی کوشش کی۔
اس دوران ٹرک ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے پولیس کار کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں کار فٹ پاتھ پر چڑھ گئی اور اسے نقصان پہنچا۔
حادثے کے باوجود ٹرک ڈرائیور فرار ہونے کی کوشش کرتا رہا، تاہم اہلکار نے ہمت نہ ہاری اور تباہ شدہ گاڑی کے ساتھ ٹرک کا تعاقب کرکے ڈرائیور کو پکڑ لیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق گرفتار ڈرائیور کے خلاف موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت قانونی کارروائی کی گئی ہے، جبکہ ٹرک مالک نے پولیس کی گاڑی کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔