امریکا میں پروازوں کی معطلی، فضائی ادارے کے فرسودہ نظام پر پرانی وارننگز سامنے آگئیں

امریکا میں فضائی ٹریفک کے نظام میں خرابی اور ملک بھر میں پروازوں کی غیر معمولی معطل ہونے کے واقعے کے بعد انکشاف ہوا ہے کہ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کو اپنے فرسودہ اور قدیم تکنیکی نظام کے حوالے سے دہائیوں سے وارننگز ملتی رہی ہیں۔

اس حالیہ واقعے نے ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کیا ہے کہ امریکی ہوابازی کا نظام کس طرح تانبے کی پرانی تاروں، پرانے کمپیوٹرز اور دوسری جنگِ عظیم کے دور کی متروک ٹیکنالوجی پر انحصار کرنے پر مجبور ہے۔

جمعہ کے روز پیش آنے والے اس بحران کے بعد وفاقی حکام اور تحقیقاتی ادارے اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا یہ خرابی کسی خراب راؤٹر کی وجہ سے پیش آئی یا اس کی تنصیب اور کنفیگریشن میں کوئی خامی تھی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ مسئلہ آرکنساس کے ایک ریموٹ ریڈیو آؤٹ پوسٹ میں نصب کردہ ایک نئے راؤٹر سے شروع ہوا جس نے ایف اے اے کے نیٹ ورکس کو شدید متاثر کیا۔

اس واقعے کی تحقیقات میں ایف بی آئی اور ایف اے اے کے حکام شامل ہیں، جبکہ اس سے ملتا جلتا ایک واقعہ 17 سال قبل 2009 میں بھی پیش آیا تھا جب ایک راؤٹر لاک ہونے کی وجہ سے ملک بھر کا فضائی نظام معطل ہو گیا تھا۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق، ایف اے اے کا بنیادی ڈھانچہ اس قدر پرانا ہو چکا ہے کہ ماہرین کے بقول اس کے کئی حصے دوسری جنگِ عظیم کے زمانے سے تعلق رکھتے ہیں۔

فلوریڈا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں ایوی ایشن مینجمنٹ کی اسسٹنٹ پروفیسر مارگریٹ والیس کا کہنا ہے کہ یہ نظام کئی سالوں سے پرانا اور فرسودہ تسلیم کیا جا رہا ہے، یہاں تک کہ چند ماہ پہلے تک اس کے کچھ حصے فلاپی ڈسکس پر کام کر رہے تھے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایف اے اے اپنے بہت سے سسٹمز کے لیے اب اسپیئر پارٹس حاصل کرنے سے بھی قاصر ہے کیونکہ وہ مصنوعات اب مارکیٹ میں بننا بند ہو چکی ہیں اور مینوفیکچررز کا وجود ختم ہو چکا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تانبے کی پرانی تاروں کو فائبر آپٹکس سے بدلنے کے منصوبے پر کام جاری ہے، اور اس مقصد کے لیے کانگریس کی جانب سے 12.5 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔

وزیر ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ پرانی تاروں کو تبدیل کرنے میں گزشتہ حکومت کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے کام کر رہی ہے اور اب تک نظام کی نصف پرانی تاریں تبدیل کی جا چکی ہیں۔

تاہم گورنمنٹ اکاؤنٹیبلٹی آفس یعنی جی اے او کی ستمبر میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں خبردار کیا گیا تھا کہ ایف اے اے سسٹمز کو جدید بنانے کی جلدی میں ایسے مسائل پیدا کر سکتا ہے جو مزید خرابیوں کا باعث بن سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ طویل عرصے تک پالیسی سازوں کی جانب سے بروقت سرمایہ کاری نہ کرنے اور پرانے نظام کو نہ بدلنے کی پالیسی نے اس بحران کو جنم دیا ہے۔

حالیہ واقعے کے بعد ایف اے اے کے جنوری 2023 کے ایک آزادانہ جائزے کا بھی حوالہ دیا جا رہا ہے جس میں یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ ایجنسی کے ایک تہائی سے زیادہ سسٹمز غیر پائیدار ہو چکے ہیں اور خطرہ خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے۔

حکام اور تفتیشی ادارے اب اس بات کی بھی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا نیٹ ورک کی تبدیلی کے دوران نئے اور پرانے سسٹمز کو آپس میں جوڑتے وقت حفاظتی اصولوں اور جانچ پڑتال کے مراحل میں کوئی کوتاہی تو نہیں برتی گئی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles