
پشاور پولیس نے تھانوں میں شہریوں اور سائلین کے ساتھ اہلکاروں کا رویہ بہتر بنانے کے لیے محرر عملے کے کندھوں پر کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق کیمروں کے ذریعے شہریوں سے گفتگو اور اہلکاروں کے رویے کی آن لائن نگرانی کی جائے گی۔
پولیس حکام نے پشاور کے تمام تھانوں کے محرر عملے کو کندھوں پر کیمرے لگانے کی ہدایت کردی ہے، جنہیں سیف سٹی سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ان کیمروں کے ذریعے تھانوں میں آنے والے سائلین اور محرر عملے کے درمیان ہونے والی گفتگو کی براہ راست نگرانی ممکن ہوگی، جبکہ کیمروں کی مانیٹرنگ سی سی پی او آفس سے بھی کی جائے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تھانوں میں شہریوں کے ساتھ نامناسب رویے کی صورت میں کیمروں کی ریکارڈنگ بطور ثبوت پیش کی جاسکے گی۔ اس اقدام کا مقصد پولیس اہلکاروں کے رویے اور تھانوں میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کی نگرانی کرنا ہے۔