روسی جنگی طیارے جاپان میں داخل، ٹوکیو کا احتجاج

روسی جنگی طیاروں کے جاپان میں داخل ہونے پر ٹوکیو کے حکام نے روس کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

جاپان نے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر روس کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے ماسکو سے واقعے کی دوبارہ تکرار روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جاپانی حکومت کے چیف کابینہ سیکریٹری منورو کیہارا نے منگل کو بتایا کہ دو طیاروں نے جاپان کے جنوب مغربی علاقے میں فوکوکا پریفیکچر کے جزیرے اوکینوشیما کے قریب جاپانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ جاپانی حکام کے مطابق یہ طیارے روسی سمجھے جا رہے ہیں۔

منورو کیہارا نے اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ روسی طیاروں کی جانب سے جاپان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی ملک کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

اس سے جاپان کی سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہوتا ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جاپان نے روس کے سامنے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے اور اس پر زور دیا ہے کہ وہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کرے۔

جاپانی وزارت دفاع کے مطابق اس سے قبل روسی طیاروں کی جانب سے جاپانی فضائی حدود کی آخری تصدیق شدہ خلاف ورزی ستمبر 2024 میں ہوئی تھی۔ یہ واقعہ جاپان کے شمالی علاقے ہوکائیڈو کے قریب واقع جزیرہ ریبون کے نزدیک پیش آیا تھا۔

یہ تازہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب جاپان اور روس کے تعلقات پہلے ہی کشیدگی کا شکار ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق روس میں ایک جاپانی صحافی کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیے جانے اور روسی حکام کی جانب سے جاپان ٹوبیکو کے چار اثاثے تحویل میں لیے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات مزید خراب ہوئے ہیں۔

جاپان اور روس کے درمیان بحرالکاہل میں واقع بعض جزائر کی ملکیت اور حیثیت پر بھی کئی دہائیوں سے تنازع چلا آ رہا ہے۔ یوکرین جنگ کے بعد جاپان کی جانب سے روس کے خلاف عالمی پابندیوں میں شمولیت نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات کو بڑھایا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles