ایران واشنگٹن میں بم حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے: امریکی انٹیلی جنس کا دعویٰ

امریکی انٹیلی جنس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران واشنگٹن ڈی سی میں بم حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جس کا ہدف ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیدار ہوسکتے ہیں۔

 امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران واشنگٹن ڈی سی میں ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے لیے تابکار مواد سے تیار کردہ بم یا کیمیائی حملے کے منصوبوں پر غور کر رہا ہے۔

سی این این نے سات نامعلوم امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس نے ایران کی جانب سے ممکنہ حملوں کی منصوبہ بندی کا پتا چلایا ہے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ منصوبہ بندی فوری حملے کے بجائے مستقبل میں کارروائی کے ممکنہ راستے کھلے رکھنے کی کوشش ہوسکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی منصوبہ بندی میں مخصوص مقامات اور اہداف شامل ہیں، جس کے بعد امریکی حکام نے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ گزشتہ ہفتے اس خطرے سے نمٹنے کے لیے متعدد اجلاس بھی ہوئے۔

امریکی حکام کے مطابق ایران کی جانب سے ممکنہ حملے کی منصوبہ بندی اس بات کا ثبوت ہے کہ تہران امریکی دباؤ کے جواب میں کشیدگی بڑھانے کے امکانات پر غور کر رہا ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ ایرانی قیادت نے کسی حملے کا حتمی فیصلہ کیا ہے یا نہیں۔

رپورٹ میں ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس نوعیت کے حملے کے لیے ایران کے پاس امریکا میں موجود افراد یا وسائل استعمال کرنے کا امکان بھی زیر غور ہے۔ امریکی انٹیلی جنس کو ایسی اطلاعات بھی ملی ہیں کہ ایران نے امریکا میں بم بنانے کے لیے درکار کچھ مواد پہلے سے ذخیرہ کر رکھا ہے، تاہم حکام ان اطلاعات کی صداقت پر متفق نہیں ہیں۔

وائٹ ہاؤس اور ایران کا ردعمل

وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارین بِس نے کہا ہے کہ امریکی حکومت ہر ممکن خطرے کی نگرانی کر رہی ہے، تاہم اس وقت امریکی سرزمین کو کسی قابلِ اعتبار فوری خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کے ترجمان نے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی بھی صورت میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو ناجائز سمجھتا ہے اور ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ کی سیکیورٹی سخت

رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے امریکی حکام کو لاحق ممکنہ خطرات کے پیش نظر امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو گزشتہ ہفتے سیکیورٹی خدشات کے باعث فوجی رہائش گاہ منتقل کیا گیا تھا۔

سی این این کے مطابق امریکی حکام ایران کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں تعینات امریکی فوجیوں پر کیمیائی ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال سے متعلق انٹیلی جنس اطلاعات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ بعض حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکی فوجیوں کے پاس ایسے حملوں سے بچاؤ کے لیے مناسب حفاظتی سامان اور تربیت موجود نہیں۔

ڈرٹی بم کیا ہوتا ہے؟

رپورٹ میں وضاحت کی گئی ہے کہ ڈرٹی بم روایتی ایٹمی بم سے مختلف ہوتا ہے۔ اس میں عام دھماکا خیز مواد کے ساتھ تابکار مادے استعمال کیے جاتے ہیں، جن کے دھماکے سے خطرناک تابکاری ماحول میں پھیل سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے بم سے ہونے والی زیادہ تر ہلاکتیں دھماکے کے نتیجے میں ہوسکتی ہیں، جبکہ تابکاری سے لوگوں کی صحت کو طویل مدتی نقصان پہنچنے اور متاثرہ علاقوں کے ناقابلِ استعمال ہونے کا خطرہ بھی موجود رہتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles